ممبئی اور اطراف و اکنار سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو منائی جائے گی

رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد ممبئی نے یکم شوال کا چاند دیکھنے کے لیئے میٹنگ کا اہتمام کیا، تاہم چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی

جامع مسجد ممبئی / تصویر محی الدین التمش
جامع مسجد ممبئی / تصویر محی الدین التمش
user

محی الدین التمش

ممبئی : رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد ممبئی نے یکم شوال کا چاند دیکھنے کے لیئے میٹنگ کا اہتمام کیا، تاہم چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ ممبئی جامع مسجد عبد الرحمان اسٹریٹ میں رویت ہلال کمیٹی کے صدر و اراکین کی میٹنگ کا بعد نماز مغرب انعقاد عمل میں آیا۔ ممبئی میں چاند نظر نہ آنے اور اطراف و اکنار سے چاند کی شہادت موصول نہ ہونے کے سبب رویت ہلال کمیٹی نے کل بروز پیر کو تیسواں روزہ ہونے کا اعلان کیا اور بروز منگل 3 مئی کو یکم شوال یعنی عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔

رویت ہلال کمیٹی ممبئی جامع کے رکن مفتی عبدالاحد نے بتایا کہ آج بعد نماز مغرب جامع مسجد ممبئی میں کمیٹی کے اراکین کی میٹنگ کاانعقاد عمل میں آیا، عید کے چاند کے متعلق اطراف و اکنار سے شہادت موصول نہ ہونے کی بنیاد پر رویت ہلال کمیٹی ممبئی نے اجتماعی طور پر فیصلہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل ماہ رمضان کا تیسواں روزہ ہوگا اور 3 مئی بروز منگل کو عیدالفطر ہوگی۔


ممبئی کے علاوہ لکھنو، دہلی اور حیدرآباد میں بھی چاند نظر نہیں آیا اور ملک بھر سے کہیں پر ہلال عید کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور رویت ہلال کمیٹی کے سینئر رکن مولانا محمود دریابادی نے کہا کہ ہندوستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، اس لئے کمیٹی نے بروز منگل عید الفطر کے ہونے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں کہ کہا کہ سعودی عرب میں پیر کے روز عید الفطر کا اعلان کیا گیا ہے، اس کے ایک روز کے بعد بروز منگل 3 مئی کو ہندوستان میں عید منائی جائیگی۔ آل انڈیا سنی جمعیت العلماء اور سنی رویت ہلال کمیٹی ممبئی نے بھی مشترکہ طور پر اعلان کیا کہ یکم مئی 2022 یک شنبہ کو چاند دیکھنے کی کوشیش کی گئی تاہم چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی شہادت موصول ہوئی، لہذا 2 مئی دوشنبہ کو 30 رمضان مبارک ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔