دہلی کے اسپتالوں میں سبھی لوگوں کا علاج ہوگا: کیجریوال

ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کیجریوال نے کہا کہ راجدھانی دہلی میں کورونا کے معاملوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے سبھی اسپتالوں میں اب مرکز کے حکم کے مطابق سبھی کا علاج کیا جائے گا۔

اروند کیجریوال
اروند کیجریوال
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی حکومت کے اسپتالوں میں دیگر ریاستوں کے مریضوں کا علاج کیے جانے سے متعلق تنازع پر اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے وزیراعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو کہا ہے کہ دہلی کے سبھی اسپتالوں میں اب مرکز کے حکم کے مطابق سبھی کا علاج کیا جائے گا۔ دہلی میں آنے والے دنوں میں کورونا کی صورت حال پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کیجریوال نے کہا کہ آنے والے دنوں میں راجدھانی میں کورونا کے معاملوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے سبھی اسپتالوں میں اب مرکز کے حکم کے مطابق سبھی کا علاج کیا جائے گا۔

کیجریوال نے کہا ہے کہ لفٹننٹ گورنر انل بیجل کے حکم کو مانا جائے گا۔ وزیراعلی کو دو دن قبل گلے میں خراش اوربخار ہوگیا تھا اور کل ان کی کورونا جانچ ہوئی تھی جس میں انفیکشن کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرا کل کورونا ٹسٹ ہوا تھا، شام میں رپورٹ نگیٹو آئی۔ سب نے بہت دعائیں کی تھیں۔ سب کا تہ دل سے شکریہ۔ دہلی میں کورونا کو کم کرنے کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے، اب اس پر غوروفکر میں لگ گیا ہوں۔‘‘


کیجریوال نے بتایا کہ دہلی میں کورونا کے مجموعی طور سے 31 ہزارسے زیادہ معاملے ہیں۔ بارہ ہزار سے زیادہ متاثر ٹھیک ہوکر گھر جاچکے ہیں۔ اٹھارہ ہزار سے زیادہ سرگرم معاملے ہیں۔ نو سو سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ سرگرم معاملوں میں سے پندرہ ہزار اپنے اپنے گھروں میں قرنطینہ میں ہیں۔ منگل کو ریاستی ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ وہاں حکومت نے جو اعدادوشمار پیش کیے ہیں ان کے مطابق آنے والے دنوں میں کورونا بہت تیزی سے پھیلنے کے خدشات ہیں۔

پندرہ جون تک 44 ہزار، 30 جون تک ایک لاکھ، 15 جولائی سوا دو لاکھ اور 31 جولائی تک تقریبا 5.32 معاملے پہنچ جانے کے خدشات ہیں۔ دہلی میں 15 جون تک 6,681 بیڈ کی ضرورت ہے۔ 30 جون تک پندرہ ہزار بیڈ، 15 جولائی تک 33 ہزار بیڈ اور 31 جولائی تک 80 ہزار بیڈ کی ضرورت ہوگی۔ یہ چیلنج بہٹ بڑا ہے۔ ہمیں سب کو کورونا سے بچانا ہے، اسے اب عوامی تحریک میں تبدیل کرنا ہے۔ وزیراعلی نے لوگوں سے ماسک پہن کر گھر سے نکلنے، بار بار ہاتھ دھونے اور سماجی دوری قائم رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جو ان کی پیروی نہیں کررہا تو اسے ہاتھ جوڑ کر سمجھانا بھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔