مغربی بنگال اسمبلی الیکشن: پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہوگی!

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ 2016 مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 78903 تھی جو اس مرتبہ بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار ہوسکتی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: کووڈ- 19 بحران کے خلاف ملک بھر میں ویکسینیشن مہم شروع ہوچکی ہے، تاہم وبا کے پھیلنے کا خطرہ ختم نہیں ہوا ہے۔ اس لئے الیکشن کمیشن نے اپریل اور مئی میں ہونے والے بنگال اسمبلی انتخابات میں احتیاط برتنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے اس مرتبہ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، تاکہ ہر پولنگ اسٹیشن میں کم سے کم بھیڑ ہو۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق مغربی بنگال میں کل پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد اس مرتبہ ایک لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ 2016 میں مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 78903 تھی جو اس مرتبہ بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار ہوسکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو، بڑی تعداد میں سنٹرل فورس کے اہلکاروں کو بھی تعینات کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں، تمام پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی فورس کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔


سی پی آئی (ایم)، کانگریس اور حزب اختلاف کی بی جے پی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی انتخابات کے دوران سیکورٹی کے لئے ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی فورس کے اہلکاروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیشن ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس مرتبہ پولنگ اسٹیشنوں پر مرکزی فورس کے اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ امن و امان کی نگرانی اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے سنٹرل فورس کے جوانوں کو حساس علاقوں میں بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔ کمیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ اس بار بنگال میں 900 کمپنی سنٹرل فورس تعینات کی جاسکتی ہے۔ 2016 کے اسمبلی انتخابات کے وقت مغربی بنگال میں صرف 700 کمپنی سنٹرل فورس تعینات تھیں اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں سینٹرل فورس کے تقریبا اتنے ہی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔