کشمیر: کپواڑہ میں مسلح تصادم 2 ملی ٹینٹوں اور 5 سیکورٹی اہلکار کی ہلاکت پر ختم

ذرائع کے مطابق ایک ملی ٹینٹ کو مرا ہوا مان لیا گیا تھا لیکن اس نے اچانک ایک تباہ ہو چکے مکان سے نکل کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے بابا گنڈ لنگیٹ میں قریب 50 گھنٹوں تک جاری رہنے والا مسلح تصادم اتوار کی صبح دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔

سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مسلح تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کے 5 اہلکار جاں بحق ہوئے۔ ان میں 3 سی آر پی ایف اور دو ریاستی پولس کے اہلکار شامل ہیں۔ زخمی اہلکار کی تعداد 10 بتائی جارہی ہے۔ جمعہ کو مسلح تصادم کے حاشیہ پر مقامی نوجوانوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔ ان میں ایک مقامی نوجوان ہلاک جبکہ دیگر متعدد زخمی ہوئے تھے۔

میڈیا افسران نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی اہلکار نے کپواڑہ ضلع کے باباگنڈ علاقہ میں گھیرا بندی کر تلاشی مہم شروع کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ملی ٹینٹ کو جمعہ کی صبح ہلاک کیا گیا تھا، جبکہ دوسرے کو اتوار کی صبح ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کی صبح ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے ساتھ ہی مسلح تصادم اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ رپورٹوں کے مطابق بیچ بیچ میں گولی باری بند ہو گئی لیکن جیسے ہی سیکورٹی اہلکار گھر کی طرف بڑھے ملی ٹینٹوں نے پھر گولیاں چلانی شروع کر دیں۔ ذرائع کے مطابق ایک ملی ٹینٹ کو مرا ہوا مان لیا گیا تھا لیکن اس نے اچانک ایک تباہ ہو چکے مکان سے نکل کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */