سچ سامنے لانے والے صحافیوں پر ایف آئی آر درج کروا رہی یوگی حکومت: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے ایک خاتون صحافی کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یو پی حکومت سچ سامنے لانے والے صحافیوں اور اپوزیشن لیڈران کے خلاف معاملے درج کروا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کے روز وارانسی میں ایک صحافی پر ہوئی ایف آئی آر کو لے کر یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سچائی سامنے لانے پر یو پی حکومت صحافیوں، سابق افسران اور اپوزیشن لیڈران پر ایف آئی آر کروا رہی ہے۔ پرینکا گاندھی نے جمعہ کے روز کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "یو پی حکومت ایف آئی آر کر کے سچائی پر پردہ ڈال نہیں سکتی۔ زمین پر اس وبا کے دوران زبردست بدانتظامی ہے۔ سچائی دکھانے سے اس میں بہتری ممکن ہے لیکن یو پی حکومت صحافیوں پر، سابق افسران پر، اپوزیشن پر سچائی سامنے لانے کے لیے ایف آئی آر کروا رہی ہے۔"


دراصل وارانسی کے ڈومری گاؤں کی ایک خاتون نے نیوز پورٹل کے صحافی اور مدیر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے کیونکہ ان کی ایک رپورٹ میں مبینہ طور پر خاتون کی باتوں کو غلط طریقے سے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ذات اور مالی حالت کا بھی مذاق اڑایا گیا ہے۔

کوتوالی کے مقامی افسر پردیپ سنگھ چندیل کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ "ڈومری گاؤں کی ایک خاتون نے گزشتہ ہفتہ رام نگر پولس اسٹیشن جا کر اپنی شکایت درج کرائی تھی جس کی بنیاد پر ایک نئے پورٹل کے چیف ایڈیٹر اور رپورٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔" افسر نے مزید بتایا کہ "یہ شکایت تعزیرات ہند کی دفعہ 269، 501 اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔