الیکشن جمہوریت کا تہوار ہے اور یہ جشن ہر شہری کو منانا چاہیے: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ الیکشن جمہوریت کا تہوار ہے۔ ووٹ تو کرنا ہی چاہیے۔ ایسا ہم نہیں کہتے کہ تمام لوگ کمل کا بٹن دبائیں، لیکن ووٹ ڈالنا ضروری ہے۔ ہر شہری کو جمہوریت کا یہ تہوار منانا چاہیے۔

وزیر اعظم مودی، تصویر آئی اے این ایس
وزیر اعظم مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ویراول: وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے اپنے تین روزہ دورے کے دوسرے دن اتوار کو کہا کہ ہر شہری کو جمہوریت کا یہ تہوار منانا چاہیے۔ مودی نے آج صبح سومناتھ مندر میں درشن کرکے پوجا ارچنا کی۔ اس کے بعد ویراول میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے گجراتی میں کہا کہ ایک طرح سے سوراشٹر میں یہ میری پہلی ریلی ہے اور وہ بھی سومناتھ دادا کی مقدس سرزمین سے۔

انہوں نے کہا کہ اس بار ان کا ٹارگٹ مختلف ہے بھائی اور لوگوں سے پوچھا پورا کریں گے نا؟ اس بار پرانے ریکارڈ توڑنے ہیں۔ اسی لیے میں آپ کے پاس آیا ہوں۔ اگر آپ پولنگ بوتھ میں تمام پرانے ریکارڈ توڑ کر زیادہ سے زیادہ ووٹ کراسکیں گے تو میرا یہاں آنا کامیاب ہو گا۔ الیکشن جمہوریت کا تہوار ہے۔ ووٹ تو کرنا ہی چاہیے۔ ایسا ہم نہیں کہتے کہ تمام لوگ کمل کا بٹن دبائیں، لیکن ووٹ ڈالنا ضروری ہے۔ ہر شہری کو جمہوریت کا یہ تہوار منانا چاہیے، میری آپ سب سے یہی گزارش ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کے تحفظ کی ذمہ داری بھی پوری کرنی ہے۔ گڈ گورننس کے ذریعے گجرات کو ترقی کی ایک نئی بلندی پر لے جانے کے لیے ایک بھی پولنگ بوتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے جس میں بی جے پی نہ جیتی ہو۔ بھائیو، بی جے پی کو جتانا ہے۔ اس بار تمام پولنگ بوتھ جیت کر جمہوریت کا تہوار منانا ہے۔

تمام سروے کرنے والے کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی کی حکومت بننے والی ہے۔ آپ لوگوں کو اپنے تمام کام کا حساب دینا وہ میرا فرض ہے۔ آپ کو بھی اپنا فرض ادا کرنا ہے۔ دوسری بات، میری خواہش ہے کہ بھوپیندر نریندر کے تمام ریکارڈ توڑیں۔ اس کے لئے نریندر کام کرے۔ ہمیں تمام پرانے ریکارڈ توڑنا ہوں گے کیونکہ اپنے گجرات کو ترقی کی راہ پر لے جانا ہے۔ اس کے لیے ہمیں جتنی محنت کرنی پڑے کریں گے۔ گجرات کے لوگوں نے ہمیشہ بی جے پی کو نوازا ہے۔ اس بار بھی عوام آشیرواد دے گی۔


قابل ذکر ہے کہ ریاست کے 33 اضلاع کی کل 182 اسمبلی سیٹوں کے لیے دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں ریاست کی 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو اور بقیہ 93 سیٹوں پر 5 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی اور ووٹنگ کا عمل 10 دسمبر کو مکمل ہوگا۔ ہماچل پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بھی اسی دن ہونی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی گزشتہ 24 برسوں سے گجرات میں برسراقتدار ہے اور مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس رہی ہے۔ پنجاب الیکشن جیتنے کے بعد اس بار عام آدمی پارٹی نے گجرات میں بھی پوری طاقت لگا دی ہے جس کی وجہ سے مقابلہ سہ رخی بن سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔