الیکشن کمیشن کا نام بدل کر ایم سی سی رکھنا چاہیے: ممتا بنرجی

الیکشن کمیشن نے حالانکہ کسی بھی لیڈر کے کوچ بہار جانے پر 72 گھنٹے تک روک لگا دی ہے۔ اس آرڈر کے بعد ممتا بنرجی کا کوچ بہار کا دورہ منسوخ ہوگیا۔

ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کولکتہ: مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے اتوار کو کمیشن پر سیدھاحملہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا نام بدل کر ایم سی سی یعنی مودی کوڈ آف کنڈکٹ رکھنا چاہیے، بنگال اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں پولنگ کے دوران جم کر تشدد اور کوچ بہار علاقہ میں چار لوگوں کی مو ت ہونے پر جاری ہنگامہ کے درمیان الیکشن کمیشن نے کسی بھی سیاسی جماعت کے کوچ بہار جانے پر روک لگا دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا نام بدل کر ایم سی سی رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی طاقت کا استعمال کرسکتی ہے لیکن دنیا میں کوئی بھی مجھے اپنے لوگوں کے پاس جانے اور ان کا درد بانٹنے سے روک نہیں سکتا۔ وہ مجھے کوچ بہار میں تین دنوں کے لئے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے پاس جانے سے روک سکتے ہیں، لیکن میں چوتھے دن وہاں جاؤں گی۔


ممتا بنرجی نے آج وہاں جانے کا اعلان کیا تھا، جہاں 22 سے 24 عمر کے چار نوجوانوں کی موت ہوگئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب سنیچر کو پولنگ کے دوران سیتل کچی اسمبلی حلقہ کے تحت ماتھا بھانگا کے ایک پولنگ مرکز پر مرکزی سلامتی دستہ نے خود کے دفاع کے لئے فائرنگ کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے حالانکہ کسی بھی لیڈر کے کوچ بہار جانے پر 72 گھنٹے تک روک لگا دی ہے۔ اس آرڈر کے بعد ممتا بنرجی کا کوچ بہار کا دورہ منسوخ ہوگیا۔ تشدد کے بعد ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ وہ اتوار کو کوچ بہار جائیں گی۔ ممتا بنرجی آج پڑوسی ضلع جلپائی گڑی میں دو ریلیاں کرنے والی تھیں۔ انہوں نے اپنے دورہ کے پروگرام کو پھر سے جاری کیا اور چوتھے دن وہاں جانے کا فیصلہ کیا۔


وزیراعلی نے کوچ بہار میں مرکزی دستوں کے ذریعہ خود کے دفاع کے لئے گولی چلانے کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت واقعہ کی سی آئی ڈی جانچ شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کس کے ہاتھ ہیں اس کا پتہ لگانے کے لئے سی آئی ڈی جانچ شروع کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے کوچ بہار ضلع میں تشدد کے بعد کل بنگال میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوران کچھ پابندیاں لگائی ہیں۔ کمیشن نے امن و قانون کی صورتحال مزید خراب ہونے کے کسی بھی اندیشہ کو بچنے کے لئے کوچ بہار ضلع میں اگلے 72 گھنٹے تک لیڈروں کے داخلہ پر روک لگا دی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں پانچوں مرحلہ کے انتخابات سے پہلے تشہیر ختم کرنے کی حد 48 گھنٹے سے بڑھا کر 72 گھنٹے کردی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔