عام انتخابات 2019 کی تاریخوں کا اعلان آج ہونے کا امکان، پریس کانفرنس 5 بجے

لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان میں ہو رہی تاخیر پر کانگریس پارٹی سوال اٹھا چکی ہے، احمد پٹیل نے الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن وزیر اعظم مودی کی تقاریب ختم ہونے کا انتظار کر رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: الیکشن کمیشن اتوار کی شام لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرسکتا ہے۔ کمیشن نے آج شام پانچ بجے پریس کانفرنس منعقد کی ہے جس میں چیف الیکشن کمیشنر سنیل اروڑا لوک سبھا الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کرسکتے ہیں۔

کمیشن نے الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے لئے پہلی بار پریس کانفرنس وگیان بھون میں منعقد کی ہے۔ عام طور پر کمیشن اپنی پریس کانفرنس الیکشن دفتر کے مرکزی ہال میں ہی منعقد کرتا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق انتخابات 7-8 مراحل میں ہو سکتے ہیں اور گزشتہ بار کی طرح پہلے مرحلہ کی پولنگ 10 اپریل کو ہو سکتی ہے۔ قیاس یہ بھی لگائے جا رہے ہیں کہ اتر پردیش میں 7-8 مراحل میں، بہار اور مغربی بنگال میں 5-6 مراحل میں انتخابات ہو سکتے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی کچھ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا بھی اعلان ہو سکتا ہے۔

لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان میں ہو رہی تاخیر پر کانگریس پارٹی سوال اٹھا چکی ہے۔ کانگریس رہنما احمد پٹیل نے الزام عائد کیا تھا کہ انتخابی کمیشن لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی تقاریب کے ختم ہونے کا انتظار کر رہا ہے۔

پچھلی مرتبہ کی طرح اروناچل پردیش، سکم، آندھرا پردیش اور اوڈیشہ کے اسمبلی انتخابات بھی لوک سبھا انتخابات کے ساتھ کرائے جا سکتے ہیں۔ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان بھی الیکشن کمیشن کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات 15 مئی کے بعد کرائے جا سکتے ہیں۔ جون، جولائی تک یہ تاریخیں پڑھ سکتی ہیں لیکن عام انتخابات ہر حال میں 15 مئی تک اختتام پزیر ہونے ہیں۔

قبل ازیں سابق چیف الیکشن کمنشر ڈاکٹر ایس وائی قریشی نے ٹوئٹر پر ڈیٹا شیئر کیا ہے۔ اس ڈیٹا کے مطابق عام انتخابات کے لئے 2004 میں نوٹیفکیشن 29 فروری، 2009 میں 2 مارچ اور 2014 میں 5 مارچ کو جاری ہوا تھا۔ اس طرح دیکھا جائے تو اس مرتبہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری ہونے میں تاخیر ہوئی ہے۔

ڈاکٹر ایس وائی قریشی کے ڈیٹا کے مطابق 2004 میں یکم جون، 2009 میں 30 مئی اور 2014 میں 3 جون کو لوک سبھا کی مدت کار ختم ہوئی تھی۔ اس مرتبہ 2 جون کو مدت کار ختم ہو رہی ہے۔ 2004 میں انتخابات 20 اپریل سے لے کر 10 مئی کے درمیان 4 مراحل میں، 2009 میں 16 اپریل سے لے کر 13 مئی کے درمیان 5 مراحل میں اور 2014 میں 7 اپریل سے لے کر 12 مئی کے درمیان 9 مراحل میں اختتام پزیر ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */