کولکاتا میں 6 مقامات پر ای ڈی کی چھاپہ ماری، اب تک 7 کروڑ روپے برآمد

جو خبریں سامنے آئی ہیں اس میں بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی کی ٹیموں نے مجموعی طور پر چھ مقامات پر چھاپہ ماری کی اور اس دوران کافی مقدار میں نقدی برآمد کی گئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ٹیچر گھوٹالہ، مویشی اسمگلنگ اور کوئلہ گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سی آئی ڈی گزشتہ کچھ دنوں سے مغربی بنگال میں لگاتار چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ اسی ضمن میں ہفتہ کے روز بھی صبح ای ڈی کی ٹیم نے کولکاتا میں 6 مقامات پر چھاپہ ماری کی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ چھاپہ ماری منی لانڈرنگ کو لے کر کی گئی ہے، حالانکہ اس سلسلے میں زیادہ تفصیل نہیں دی گئی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق کولکاتا کے پارک اسٹریٹ، میکلیاڈ اسٹریٹ، گارڈین ریچ اور مومن پور میں ای ڈی کی الگ الگ ٹیمیں صبح سے ہی چھاپہ ماری کر رہی ہیں۔ کثیر تعداد میں سنٹرل سیکورٹی فورس کے جوانوں کے ساتھ یہ ٹیمیں تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بنگال میں گزشتہ دنوں سے ٹیچر گھوٹالہ، مویشی اسمگلنگ، کوئلہ گھوٹالہ کے ساتھ ہی چٹ فنڈ معاملے میں مرکزی ایجنسیاں لگاتار چھاپہ ماری کر رہی ہیں جس کے خلاف کئی لوگوں نے آواز بھی اٹھائی ہے۔


بہرحال، ہفتہ کی صبح ای ڈی کی ٹیم نے سب سے پہلے پارک اسٹریٹ سے ملحق میکلیاڈ اسٹریٹ پر دو گھروں کی تلاشی لی۔ اس کے بعد ای ڈی افسران 1/36 میکلیاڈ اسٹریٹ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی کی ٹیم کسی واحد رحمن نامی شخص کو تلاش کر رہی ہے۔ اس کے بعد ٹیم 34/اے میکلیاڈ اسٹریٹ واقع رہائش پر بھی گئی۔ خبروں کے مطابق ٹیم نے گھر پر موجود لوگوں سے بات چیت کی۔ ساتھ ہی آس پاس کے لوگوں سے بھی کچھ جانکاری لینے کی کوشش کی گئی۔ ای ڈی افسران نے پیشے سے وکیل باپ-بیٹے کی رہائش کی بھی تلاشی لی۔

جو خبریں سامنے آئی ہیں اس میں بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی کی ٹیموں نے مجموعی طور پر چھ مقامات پر چھاپہ ماری کی اور اس دوران کافی مقدار میں نقدی برآمد کی گئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق تقریباً سات کروڑ روپے کی گنتی ہو چکی ہے اور مزید کی گنتی جاری ہے۔ یعنی برآمد رقم میں ابھی مزید اضافہ ہونے والا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔