ایس آئی آر کے خوف سے لوگ خودکشی کر رہے ہیں: ترنمول کانگریس
ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش نے کہا کہ بی جے پی کی غیر انسانی سیاست اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت نے ریاست کے لوگوں کو خوفزدہ کردیا ہے۔

مغربی بنگال میں الیکٹورل رول ریویژن یعنی ایس آئی آرکو لے کر سیاست گرم ہوگئی ہے۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے ہفتہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن پر ووٹر لسٹ سے لاکھوں ناموں کو ہٹانے کی سازش کرنے کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ٹی ایم سی کے ترجمان کنال گھوش نے کہا کہ بی جے پی کی غیر انسانی سیاست اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت نے ریاست میں لوگوں کو خوفزدہ کر دیا ہے، کچھ لوگوں نے خوف اور مایوسی سے خودکشی بھی کر لی ہے۔
گھوش نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے بہت سے حصوں، خاص طور پر شمالی بنگال کے اضلاع میں ایس آئی آر کے عمل کو لے کر عوام میں خوف اور الجھن پھیل گئی ہے، جس کی وجہ سے خودکشیاں اور ذہنی تناؤ بڑھ رہا ہے۔ بی جے پی رہنماؤں کے بیہودہ اور اشتعال انگیز بیانات سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ کچھ لوگ اپنی شہریت پر شک کی وجہ سے خودکشی بھی کر رہے ہیں اور بی جے پی ان خودکشیوں کا مذاق اڑا رہی ہے۔
ٹی ایم سی رہنما نے بی جے پی کے تین سینئر رہنما سوکانتا مجوم دار، سمیک بھٹاچاریہ اور شویندو ادھیکاری کو براہ راست مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو کھلے عام کہتے ہیں کہ ہم بنگلہ دیشیوں کو ایک ایک کر کے باہر نکال دیں گے۔ اس طرح کے بیانات سے عام شہریوں میں عدم تحفظ اور خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے۔
گھوش نے کہا کہ بی جے پی عوام کو درپیش حقیقی مسائل جیسے بے روزگاری، مہنگائی اور عوامی بہبود سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ اس پورے معاملے پر نظر ثانی کریں اور حساسیت کا مظاہرہ کریں، کیونکہ یہ صرف ایک سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ ایک انسانی المیہ بنتا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔