لاک ڈاؤن نےپیدا کی ایک نئی مصیبت، منشیات کے استعمال میں تشویشناک حد تک اضافہ

بدقسمتی سے کشمیر میں نشہ آور چیزوں کے استعمال کا پھیلائو بڑھتا جا رہا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران اس صورتحال میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

لاک ڈاؤن کی فائل تصویر آئی اے این ایس
لاک ڈاؤن کی فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نیشنل کانفرنس نے وادی کشمیر میں منشیات کے استعمال کے پھیلاؤ خصوصاً لاک ڈاؤن کے دوران نوجوانوں میں تشویشناک حد تک اس وبا میں مبتلا ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ تشہیر بازی اور زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر نئی نسل کو بچانے کے لئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اٹھائے جائیں۔

پارٹی کے سینئر لیڈر اور اسمبلی کے سابق سپیکر مبارک گل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے سب کو اپنا اپنا رول نبھانا ہوگا۔انہوں نے کہا: 'بدقسمتی سے ہمارے یہاں تباہ کن، صحت زرر ادویات اور نشہ آور چیزوں کے استعمال کا پھیلائو بڑھتا جا رہا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران اس صورتحال میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ پارکوں، کھنڈرات، قبرستانوں اور دیگر مقامات منشیات کے استعمال کے اڈے بن گئے ہیں'۔


مبارک گل نے کہا کہ حکومتی سطح پر اگرچہ منشیات کی فصلوں کو تباہ کرنے اور منشیات کا استعمال یا خرید و فروخت کرنے والوں کی گرفتاریاں عمل میں لانے جیسے اقدامات دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن یہ اقدامات محض تصویر بازی تک ہی محدود ہوتے ہیں کیونکہ ایسی کارروائیوں سے زمینی سطح پر منشیات کے استعمال اور کاروبار میں کوئی بھی کمی نہیں آرہی ہے بلکہ یہ وبا ہر گزرتے دن کے ساتھ پھیلتی ہی جا رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہر سال شاہراﺅں کے نزدیک منشیات کی کاشت کو تباہ کرنے کی تصویریں ذرائع ابلاغ میں دکھائی جاتی ہیں لیکن اندرونی علاقوں میں ہزاروں کنال اراضی پر پوست (خشخاش)، بھنگی اور دیگر ممنوعہ فصلوں کی کاشت بلا روک ٹوک جاری رہتی ہیں۔


انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ نئی نسل کو اس تباہی سے روکنے کے لئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل جائیں جو ہر روز منشیات کے کاروباریوں، پارکوں، قبرستانوں، کھنڈرات اور دیگر مقامات پر روزانہ بنیادوں پر چھاپہ مار کارروائیاں سلسلہ جاری رکھیں اور ساتھ ہی ایسی جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔

مبارک گل نے انتظامیہ پر زور دیا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی منشیات کے خلاف جنگ میں آڑے نہیں آنی چاہئے اور ایسے تمام نیٹ ورکروں کا پردہ فاش کیا جانا چاہئے جو جموں و کشمیر کی نئی نسل کو منشیات کا عادی بنانے کا کام کررہی ہے۔انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ اپنے بچوں کو اس منشیات کی لعنت میں مبتلا ہونے سے روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Jun 2021, 7:40 AM