پنجاب کے پٹیالہ اور امرتسر میڈیکل کالجوں میں ٹیسٹ کی سہولت میں دوگنا اضافہ

پنجاب حکومت نے کورونا کو شکست دینے کے لیے مشتبہ مریضروں کے ٹیسٹ کی غرض سے گورنمنٹ میڈیکل کالج پٹیالہ اور امرتسر کی استعداد کو بڑھا کر دوگنا کر دیا گیا ہے

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: پنجاب حکومت نے کورونا کو شکست دینے کے لیے مشتبہ مریضروں کے ٹیسٹ کی غرض سے گورنمنٹ میڈیکل کالج پٹیالہ اور امرتسر کی استعداد کو بڑھا کر دوگنا کر دیا گیا ہے۔

یہ اطلاع آج یہاں ڈپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے پرنسپل سکریٹری ڈی کے تیواری نے دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا سے لڑنے کے لیے جنگی پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں جس کے تحت گورنمنٹ میڈیکل کالج پٹیالہ اور امرتسر میں بہت کم وقت میں ٹیسٹ کرنے والی ایک ایک اضافی پی سی آر مشین لگا دی گئی ہے جس سے کورونا ٹیسٹ کرنے کی سہولت دوگنی ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرنے والے اسٹاف کی شفٹیں بھی بڑھا دی گئی ہیں تاکہ مشتبہ مریضوں کی چیک اپ رپورٹ جلد آ جائے اور وائرس کی تصدیق ہونے کی حالت میں مریض کا علاج فوراً شروع ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی آئی ٹی روپڑ سے ایک بایو سیفٹی آلہ بھی میڈیکل کالج پٹیالہ میں تبدیل کروا دیا گیا ہے جس سے ٹیسٹ کرنے کی سہولت بڑھے گی۔


تیواری نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے مد نظرڈپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کام کر رہا ہے اوراس کے علاوہ روزانہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تینوں ہی میڈیکل کالجوں سے رپورٹ لی جا رہی ہے تاکہ حسب ضرورت کاروائی فوراً عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج میں عوام کو کورونا کی حقیقی معلومات، اور صلاح دینے کے لیے ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔ پروٹوکول کے مطابق ڈاکٹروں اور نرسوں اور پیرا۔میڈیکل اسٹاف کے لیے بھی ہیلپ کاؤنٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔ کووِڈ-19 سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی نئی ہدایات اور تحقیقات سے متعلق معلومات دی جاتی ہیں۔ ساتھ ہی ایپیڈیمیولاجسٹ کی جانب سے روزانہ حالات کا جائزہ لیا جاتا ہے اور ضروری ساز و سامان سے متعلق معلومات دی جاتی ہیں۔

طبی تعلیم و تحقیق کے وزیر اوم پرکاش سونی نے ڈاکٹروں اور دیگر میڈیکل اسٹاف کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ہی انسانیت کی خدمت ہی اصلی خدمت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔