’نوٹوں کی منسوخی‘ منصوبہ بند مالیاتی گھپلہ: راہل

راہل گاندھی نے نوٹوں کی منسوخی کو سفاکانہ سازش اور منصوبہ بند طریقہ سے مالیاتی گھپلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خواہ جتنا چھپانے کی کوشش کرے ملک کے عوام اس کی حقیقت کا پتہ لگا ہی لیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے نوٹوں کی منسوخی کو سفاکانہ سازش اور منصوبہ بند طریقہ سے مالیاتی گھپلہ قرار دیتے ہوئے آج کہاکہ حکومت خواہ جتنا چھپانے کی کوشش کرے ملک کے عوام اس کی حقیقت کا پتہ لگا ہی لیں گے۔

راہل گاندھی نے جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ نوٹوں کی منسوخی کا پورا سچ ابھی باہر نہیں آیا ہے۔ ملک کے عوام اسے معلوم کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوٹوں کی منسوخی نہ صرف بغیر سوچے سمجھے کی گئی اور نہ ٹھیک طریقہ سے نافذ کی گئی اقتصادی پالیسی تھی بلکہ منصوبہ بند طریقہ سے کیا گیا ’مجرمانہ امالیاتی گھپلہ‘ تھا اور لوگ اس کی حقیقت کا پتہ لگا ہی لیں گے خواہ حکومت اسے چھپانے کی چاہے جتنی کوشش کرے۔

اس سے پہلے راہل گاندھی نے کہاکہ یہ حقیقت میں وزیراعظم نریندر مودی کے سوٹ بوٹ والے دوستوں کے بلیک منی کو سفید کرنے کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ نوٹوں کی منسوخی سوچ سمجھ کر کی گئی سفاکانہ سازش تھی۔ یہ گھپلہ وزیراعظم کے سوٹ بوٹ والے دوستوں کے بلیک منی کو سفید کرنے کی اسکیم تھی۔ اس معاملہ میں کچھ بھی معصوم نہیں تھا۔ اس کا کوئی بھی دوسرا مطلب نکالنا قوم کی سمجھ کی توہین ہے۔

کانگریس کے صدر نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں آٹھ نومبر کا دن ہمیشہ یاد کیا جائے گا کیونکہ دو برس پہلے وزیراعظم نے ملک پر نوٹوں کی منسوخی کی مصیبت تھوپ دی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اس رات آٹھ بجے ٹیلی ویژن پر آئے اور یکطرفہ طورپر اعلان کردیا لیکن اب پتہ چلا ہے کہ انہیں اس کے لئے انے اپنے مالیاتی مشیروں کی حمایت حاصل نہیں تھی۔

نوٹوں کی منسوخی کے ساتھ ہی مودی نے ہندستان کی 86فیصد کرنسی کو چلن سے باہر کردیا اور ہماری معیشت کو جام کردیا۔
نوٹوں کی منسوخی کو ایک المیہ قرار دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ ماضی میں ملک نے کئی مصیبتوں کا سامنا کیا ہے۔ بہت بار باہری دشمنوں نے ملک کو چوٹ پہنچائی ہے لیکن تاریخ میں نوٹوں کی منسوخی ایک منفرد مثال ہے جو ایک خودکش قدم تھا جس سے کروڑ وں لوگوں کی زندگی تباہ ہوگئی اور لاکھوں چھوٹی صنعتیں ختم ہوگئیں ۔ نوٹوں کی منسوخی سے سب سے زیادہ غریب لوگ متاثر ہوئے جنہیں جبراََ اپنی معمولی بچت کو تبدیل کرنے کیلئے کئی دنوں تک قطار میں لگنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔