دہلی: ’گھر گھر راشن اسکیم‘ کی فائل پھر ایل جی کے پاس، کیجروال کا منظوری کا مطالبہ

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے راشن کی ڈور اسٹیپ ڈیلیوری (گھر گھر راشن کی فراہمی) اسکیم کی فائل منظوری کے لئے پھر سے لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل کے پاس بھیج دی ہے

اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے راشن کی ڈور اسٹیپ ڈیلیوری (گھر گھر راشن کی فراہمی) اسکیم کی فائل منظوری کے لئے پھر سے لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل کے پاس بھیج دی ہے۔

ایل جی (لیفٹیننٹ گورنر) کے اعتراضات کے جواب میں کیجریوال نے جمعرات کے روز کہا کہ راشن کی ڈور اسٹیٹ ڈیلیوری اسکیم قانون کے مطابق ہے اور مرکزی حکومت کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے اس اسکیم کو نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران اس اسکیم کو روکنا غلط ہے، کیونکہ یہ اسکیم نافذ ہونے کے بعد راشن کی دوکانوں پر بھیڑ کم ہو سکتی ہے۔


کیجریوال نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں چار بار ایل جی کو راشن کی ڈور اسٹیٹ ڈیلیوری اسکیم پر کابینہ کے فیصلے کے بارے میں بتایا گیا لیکن انہوں نے کبھی اس کی مخالفت نہیں کی۔ گزشتہ فروری کے مہینے میں اس اسکیم کو نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تب بھی ایل جی نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ "ہم نے مرکزی حکومت کے تمام اعتراضات کو دور کر دیا ہے اور ہائی کورٹ نے اپنی پانچ سماعتوں کے دوران اس پر روک نہیں لگائی ہے۔ نیز، عدالتی کارروائی کے دوران، مرکزی حکومت نے کبھی کسی منظوری کے بارے میں نہیں بتایا، پھر اس اسکیم کو کیوں روکا جا رہا ہے؟‘‘


وزیر اعلی نے گھر پر راشن کی فراہمی کی اسکیم سے متعلق فائل ایل جی کو دوبارہ بھیج کر ان کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کا جواب بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میں نے لیفٹیننٹ گورنر کے نوٹ کا مطالعہ کیا ہے۔ جس میں ایک سنگین غلط فہمی ظاہر ہوتی ہے۔ ایل جی کے سامنے گھر پر راشن پہنچانے کی اسکیم زیر غور ہے، جس کو انہوں نے منظوری نہيں دی ہے۔ اس اسکیم کو پہلے ہی حتمی شکل دے دی گئی ہے"۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔