چین: کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1100 کے پار، 44 ہزار سے زیادہ افراد متاثر

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ گزشتہ شب تک کورونا وائرس کے 3342 نئے معاملات منظر عام پر آئے ہیں اور صرف ایک دن میں 97 لوگ ہلاک ہوئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بیجنگ: چین میں کورونا وائرس سے 97 مزید افراد کی موت ہونے سے اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1113 ہو گئی ہے جبکہ 44653 افراد میں یہ انفیکشن پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بدھ کے روز ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق منگل آدھی رات تک کورونا وائرس کے 3342 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور صرف ایک دن میں 97 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

صوبہ ہوبئی میں 94، ہینان، ہونان اور چونگ کنگ میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ کمیشن کے مطابق 11 فروری کی آدھی رات تک اسے 31 صوبوں سے اطلاع موصول ہوئی، جس کے مطابق کورونا وائرس کے 44653 معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے جس سے 8204 افراد کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔


اب تک 1113 افراد کی موت ہو چکی ہے اور تقریباً 4740 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ہانگ کانگ میں 49 متعدی کے نئے معاملے درج کیے گئے۔ یہاں ایک شخص کی اس سے موت ہوئی ہے۔ مکاؤ میں 10 اور تائیوان میں 18 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے۔

مکاؤ اور تائیوان میں ایک ایک مریض کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کو مدِ نظر نظر رکھتے ہوئے امریکہ، جاپان اور سنگاپور کے علاوہ کئی دیگر ممالک کی سرکاروں نے حال میں چین کا سفر کرنے والے لوگوں کے اپنے ملک میں داخلے پر روک لگا دی ہے۔


واضح رہے دسمبر 2019 میں چین کے ووہان شہر میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک یہ 25 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس آدنوم نے اتوار کو ٹوئٹ کر کے کہا تھا کہ بین الاقوامی ماہرین کی ایک ٹیم چین میں اس متعدی وائرس کے پھیلنے کی جانچ کرے گی۔ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کے پیش نظر عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان بھی کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔