ہندوستان میں ’کورونا انفیکشن‘ سے ہلاکتوں کی تعداد 166 پہنچی

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کورونا انفیکشن کی زد میں سب سے زیادہ ہے۔ وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 117 لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (كووڈ 19) متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی یہ 5734 تک پہنچ گئی ہے اور وبا کی وجہ سے اب تک 166 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 540 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی اب تک اس کے 5734 کیسزکی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان میں 65 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس انفیکشن سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 مزید افراد کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی مجموعی تعداد 166 ہو گئی ہے۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر 473 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔ بدھ کے مقابلے میں جمعرات کو متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں تھوڑی کمی آئی ہے۔


وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ اعداد کے مطابق ملک میں کورونا سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں اب تک 1135 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 72 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ مہاراشٹرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آٹھ افراد ہلاک اور117 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

دوسرے مقام پر تمل ناڈو ہے جہاں 738افراد اس وبا سے متاثراور آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں، اس کے بعد دہلی میں سب سے زیادہ 669 افراد متاثر ہیں اور نو افراد ہلاک ہو ئے ہیں دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 93 افراد متاثر پائے گئے۔ تلنگانہ میں اب تک 427 لوگ متاثر اور سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کیرالہ میں 345 افراد متاثر اور دو افراد کی موت ہوئی ہے۔ راجستھان میں 381 لوگ انفیکشن کے شکار ہیں اور اب تک تین افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔


ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں 361 لوگ متاثر ہیں اور چار لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ جنوبی ہندوستانی ریاست آندھرا پردیش میں 348 اورکرناٹک میں 181 لوگ متاثر ہیں اور بالترتیب چار اور پانچ لوگوں کی موت ہوئی ہے. کرناٹک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک اور شخص کی موت ہوگئی۔ مرکز کے زیر انتظام صوبہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 158 ہو گئی ہے اور چار افراد کی موت ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں 229 اورگجرات میں 179 لوگ متاثر ہیں اور بالترتیب 13 اور 16 افراد کی موت ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات میں تین مزید افراد کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں آٹھ، مغربی بنگال میں پانچ، ہریانہ میں تین اور بہار، اڑیسہ اور ہماچل پردیش میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔