مودی حکومت میں خواتین و دلتوں پر مجرمانہ معاملے بے تحاشہ بڑھے: کانگریس

دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار کی قیادت میں ہزاروں کانگریس کارکنان نے یومِ خاتون استحصال مخالفت کے موقع پر خواتین اور دلتوں پر بڑھتے جرائم کے خلاف آج جنتر منتر پر دھرنا دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے چودھری انل کمار نے آج مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین اور دلتوں کے تئیں بڑھ رہے جرائم کو روکنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اور دہلی کی کیجریوال حکومت خواتین کے ساتھ بڑھتے جرائم کے تئیں پوری طرح غیر ذمہ دار ہے جس کی وجہ سے لگاتار خواتین پر جرائم کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

چودھری انل کمار کی قیادت میں آج ہزاروں کانگریس کارکنان نے یومِ خاتون استحصال مخالفت کے موقع پر خواتین اور دلتوں پر بڑھتے جرائم کے خلاف جنتر منتر پر دھرنا دیا۔ کانگریس کارکنان 4 گھنٹے سے بھی زیادہ دھرنے پر بیٹھے رہے۔ دھرنا میں حصہ لینے والوں میں چودھری انل کمار کے علاوہ دلت لیڈر سابق رکن پارلیمنٹ ادت راج، سابق رکن پارلیمنٹ رمیش کمار، دلت لیڈر اور سابق رکن اسمبلی جے کشن، ویر سنگھ دھینگا، چرن سنگھ کنڈیرا، دہلی ریاستی خاتون کانگریس صدر امرتا دھون، یوتھ کانگریس صدر شرینواسن بی، این ایس یو آئی صدر نیرج کندن، ریاستی نائب صدر ابھشیک دَت اور علی مہندی، سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد وغیرہ شامل تھے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں۔


دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ پی ایم مودی کے دور میں خواتین اور دلتوں پر مجرمانہ حملے بڑھے ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگی محال ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ "مودی بیٹی پڑھاؤ-بیٹی بچاؤ کے نعرے لگاتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے جب ہاتھرس کی ایک دلت لڑکی کے خلاف قاتلانہ حملے کیے گئے تو اتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے قصورواروں کو پکڑنے اور فیملی سے ہمدردی ظاہر کرنے کی جگہ لڑکی کے اہل خانہ کو دھمکایا اور ان کے ساتھ ظلم بھی کیا۔"

چودھری انل کمار نے دہلی کی کیجریوال حکومت کو بھی خواتین مخالف قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ "دہلی کی کیجریوال حکومت خاتون مخالف اور دلت مخالف ہے کیونکہ کابینہ میں ایک بھی خاتون کو جگہ نہیں دی گئی ہے۔" ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں صفائی ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی نہ کرنا مودی اور کیجریوال دونوں حکومتوں کے دلت مخالف رویہ کی بہترین مثال ہے، کیونکہ ان ملازمین میں زیادہ تر دلت طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔