کورونا انفیکشن: آسام میں آج سے روزانہ 12 گھنٹے کا کرفیو، گوہاٹی میں لاک ڈاؤن پھر نافذ

آسام کے وزیر صحت ہیمنت بسوا سرما کے مطابق ریاست کے کامروپ ضلع میں 28 جون کی رات سے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ یہ لاک ڈاؤن 14 دنوں تک چلے گا۔ یہ فیصلہ کورونا کے کیسز میں لگاتار اضافہ کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے

ہیمنت بسوا سرما (تصویر سوشل میڈیا)
ہیمنت بسوا سرما (تصویر سوشل میڈیا)
user

قومی آوازبیورو

کورونا انفیکشن کی وجہ سے آسام حکومت نے ایک بار پھر سختی کے ساتھ لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن فی الحال مکمل لاک ڈاؤن کامروپ میٹرو پولیٹن ضلع میں ہوگا اور اس کا نفاذ 28 جون کی شب سے عمل میں آئے گا۔ ریاست میں مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے ریاست میں جمعہ (26 جون) سے 12 گھنٹے کرفیو نافذ کیے جانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ دراصل شمال مشرقی ریاستوں میں آسام کی حالت کچھ زیادہ ہی خراب ہے اور یہاں اب تک 6300 سے زائد کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آ چکے ہیں۔

آسام کے وزیر صحت ہیمنت بسوا سرما نے آج گوہاٹی میں موجودہ لاک ڈاؤن کی توسیع کرتے ہوئے اسے آئندہ دو ہفتوں تک بڑھانے کی جانکاری میڈیا کو دی۔ انھوں نے کہا کہ "ریاست کے کامروپ ضلع میں 28 جون کی رات سے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ یہ لاک ڈاؤن 14 دنوں تک چلے گا۔ یہ فیصلہ کورونا کے کیسز میں لگاتار اضافہ کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔ اس دوران دوا کی دکانیں کھلی رہیں گی۔"


ہیمنت بسوا سرما نے اس کے علاوہ یہ بھی جانکاری دی کہ آسام کے شہری علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کے روز یعنی ہفتہ واری چھٹیوں کے دن لاک ڈاؤن نافذ رہے گا تاکہ کسی طرح کی بھیڑ کا اندیشہ نہ رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نگر کمیٹیوں اور نگر پالیکاؤں کے حلقہ اختیار میں آنے والے علاقے ہفتہ واری لاک ڈاؤن کے دائرے میں آئیں گے اور آئندہ نوٹس تک یہ حکم جاری رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2020, 5:11 PM