کورونا وائرس: دیوبند پر پڑا سہارنپور لاک ڈاؤن کا زبردست اثر، بازاروں میں لگی بھیڑ

سبھاش چوک، ایم بی ڈی چوک، جی ٹی روڈ سمیت کئی مقامات پر پولس نے چیکنگ مہم چلائی اور بلاوجہ اپنی گاڑیوں پر گھوم رہے لوگوں کو انتباہ دیتے ہوئے گھروں کو بھیجا۔

تصویر ایم افسر
تصویر ایم افسر
user

عارف عثمانی

دیوبند: کورونا وائرس کے قہر کے چلتے ضلع سہارنپور کو کئے گئے لاک ڈاؤن کا دیوبند میں زبردست اثر دیکھنے کو ملا۔ ضرورت کے کھانے پینے کے سامان کی دکانوں پر لوگوں کی کافی بھیڑ رہی ۔ اس دوران غیرضروری طریقے سے گاڑیوں میں گھوم رہے لوگوں اور بازاروں میں بھیڑ کی وجہ بنے افراد کو پولس نے سختی دکھاتے ہوئے گھروں کو واپس بھی بھیجا۔

دراصل اتوار کو عوامی کرفیو کے سنا ٹے کے بعد آج (23 مارچ) صبح دیوبند شہر سمیت دیہی علاقوں کے باشندے ضروری گھریلو سامان،سبزی ، دودھ اور کرانہ وغیرہ کا سامان لینے کے لئے گھروں سے نکل پڑے۔ سامان خریدنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے دو گھنٹے کی ڈھیل بھی دی گئی تھی۔ اس دوران سبزی اور کرانہ کی دوکانوں پر زبردست بھیڑ لگ گئی۔ کئی بازاروں میں ضروری کھانے کی اشیاءکی دوکانوں کے علاوہ دیگر کھولی گئی دوکانوں کو پولس نے بند کرایا اور لاک ڈاؤن پر پوری طرح عمل کرنے کی اپیل لوگوں سے کی گئی۔


سبھاش چوک، ایم بی ڈی چوک، جی ٹی روڈ سمیت کئی مقامات پر پولس نے چیکنگ مہم چلائی اور بلاوجہ اپنی گاڑیوں پر گھوم رہے لوگوں کو انتباہ دیتے ہوئے گھروں کو بھیجا ۔ ایس ڈی ایم دیویندر پانڈے ، ایس پی دیہات ودیا ساگرمشر، سی او چوب سنگھ اور تھانہ انچارج وائی ڈی شرما علاقے میں گشت کرتے رہے اور لوگوں سے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے نظر آئے۔ ایس پی دیہات ودیا ساگر مشر نے کہا کہ کورونا وائرس کی چین یعنی سلسلہ کو توڑنے کے لئے حکومت نے لاک ڈاؤن کا قدم اٹھایا ہے، اس میں عوام کو تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن پر عمل نہ کرنے والے لوگوں پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

لاک ڈاؤن کے بعد شہر کے بازاروں میں کھلی کرانہ کی دوکانوں پر زبردست خریداری کرنے کی وجہ سے بہت سی دوکانوں پر دیکھتے ہی دیکھتے سامان فروخت ہوگیا جس کے بعد دوکانداروں نے سامان خریدنے آئے گاہکوں کو واپس بھیج دیا۔ اُدھر تھانہ انچارج وائی ڈی شرما نے شہر کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مرض کے مدنظر سہارنپور ضلع میں لاک ڈاؤن کیا ہے اور یہ بندی دیوبندمیں بھی آج سے شروع ہوگئی ہے ، اس دوران ضلع کی سرحدیں پوری طرح سے سیل رہیں گی ۔ کوئی بھی شخص نہ تو ضلع کی سرحد میں داخل ہوگا اور نہ ضلع سے باہر جائے گا ۔ صرف ضروری چیزیں جیسے بینک، اے ٹی ایم، پیٹرول پمپ، اسپتال، سبزی، پھل، دودھ، میڈیکل اسٹور، پرچون اور راشن سے متعلق دوکانیں ہی کھلیں گی اور ان کے لئے وقت متعین کیا گیا ہے جو صبح 6بجے سے 9 بجے تک ہے۔ باقی سبھی دوکانیں پوری طرح بند رہیں گی۔


تھانہ انچارج وائی ڈی شرما نے یہ بھی کہا کہ علاقے کے عوام کورونا وائرس کو لے کر گھبرائے نہیں اور اپنے گھروں میں کسی طرح کے سامان کی جمع خوری نہ کریں کیوں کہ ضروری سامان کی دوکانیں ہر روز کھلیں گی۔ اس لئے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے عوام کو یہ بھی صلاح دی کہ جب تک کوئی بہت ضروری کام نہ ہو گھروں سے باہر بالکل نہ نکلیں، کسی ضروری کام سے ہی یا ڈاکٹر کے یہاں جانے کے لئے ہی اپنے گھر سے باہر نکلیں ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی پریشانی ہو تو وہ میرے موبائل نمبر 9454404180 پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔ آپ لوگوں کا تعاون ہمارے لئے بے حد ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */