کورونا کا قہر: کئی ریاستوں میں بڑھا لاک ڈاؤن، راجدھانی دہلی میں اسکول 31 جولائی تک بند

ملک میں کورونا کی وجہ سے حالات ہر روز خراب ہوتے جا رہے ہیں، اسی کے پیش نظر مغربی بنگال اور جھارکھنڈ سمیت کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن کو بڑھا دیا ہے جبکہ دہلی میں تمام اسکول 31 جولائی تک بند رہیں گے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک بھر میں کورونا وبا سے حالات پوری طرح بے قابو نظر آ رہے ہیں اور ہر روز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر جہاں کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے وہیں دہلی کے تمام اسکولوں کو بھی 31 جولائی تک بند رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے مارچ میں نافذ کئے گئے لاک ڈاؤں کو تین بار آگے بڑھانے کے بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ اب مراحل وار پابندیوں سے راحت دینے کی شروعات کی جائے گی، تاہم مریضوں کی تعداد اس قدر بڑھ رہی ہے کہ ریاستی حکومتیں پابندیوں سے راحت تو کیا دیں وہ الٹے لاک ڈاؤں کو آگے بڑھانے پر مجبور ہو رہی ہیں۔

غورطلب ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 18552 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 508953 ہوگئی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران اس بیماری سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 384 رہی۔


کس ریاست نے کیا فیصلہ لیا؟

دہلی: کووڈ-19 کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر دہلی کے تمام اسکولوں کو 31 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ آن لائن کلاسز اور دیگر سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ تاہم وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے شہر میں کورونا کے بڑھتے مریضوں کے پیش نظر لاک ڈاؤن از سر نو نافذ کرنے کے امکان کو خارج کر دیا۔

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے گزشتہ روز اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کی، اس دوران لاک ڈاؤں کے میں مختلف ذریعوں سے تعلیم کو جاری رکھنے کے تجربات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران الگ الگ جماعتوں کے مطابق منصوبہ بنانے پر بھی بحث ہوئی۔ اس کے علاوہ اس بات پر بھی اتفاق رائے ہوا کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر اسکولوں کو فی الحال 31 جولائی تک بند رکھا جائے۔ دریں اثنا نصاب میں 30 سے 50 فیصد تک کی کٹوتی پر بھی کئی لوگوں نے زور دیا تاکہ بچوں کو تعلیم کا زیادہ بوجھ نہ پڑے۔

جھارکھنڈ: یہاں ریاستی حکومت نے لاک ڈاؤن کو 31 جولائی تک بڑھا دیا ہے۔ اس دوران ریاست میں کس سرگرمیوں پر پابندی رہے گی اس کی معلومات جلد ہی فراہم کر دیا جائے گی۔

آسام: یہاں کی حکومت نے جمعہ کے روز ریاست بھر میں 12 گھنٹوں کے شبانہ کرفیو اور کامروپ (میٹرو) ضلع میں 14 دنوں کے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اس حکم کے دائرے میں سب سے مصروف شہر گوہاٹی بھی شامل ہے۔


مغربی بنگال: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کچھ دن پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ ریاست میں لاک ڈؤن کو 31 جولائی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ جمعہ کو انہوں نے مرکزی حکومت سے گزارش کی ہے کہ 31 جولائی تک زیادہ انفیکشن والی ریاستوں سے بین الاقوامی پروازوں اور کولکاتا کے لئے داخلی پروازوں کو روک دیا جائے۔ ایک دیگر فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ شبانہ کرفیو میں ایک گھنٹے کی راحت دی جا رہی ہے۔ دریں اثنا انہوں نے کولکاتا میں یکم جولائی سے میڑو خدمات کو پھر سے بحال کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

تلنگانہ: گزشتہ کچھ دنون سے حیدرآباد میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کی وجہ سے دکاندار، کارباری اور بازار کے ذمہ داروں کو 7 سے 10 تن تک رضاکارنہ طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 11 سے تجاوز کر گئی ہے۔

تمل ناڈو: چنئی، مدورائی، چلینگل پیٹ، کانچی پورم اور تروولور کے کچھ علاقوں میں گزشتہ جمعہ سے 30 جون تک لاک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران ضروری خدمات کو چھوڑ کر بیشتر سرگرموں کو اجازت نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ پلانی سوامی نے حالانکہ لاک ڈاؤن کے نافذ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آگے کے حالات پر چھوڑ دیا ہے۔


کرناٹک: وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے جمعہ کے روز کہا کہ ان کی حکومت ترقی سے متعلق سرگرمیوں اور کووڈ-19 کے انتظام کو ایک ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤن نے بھی اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ ریاست میں تمام سرگرمیوں کو بند نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زیادہ کیسز والے علاقوں کو سیل کر دیگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Jun 2020, 12:11 PM