کورونا وائرس: دہلی جل بورڈ ملازمین کا ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

دہلی جل بورڈ کے وائس چیئرمین راگھو چڈھا نے کہا کہ ڈی جے بی کے تمام ملازمین نے کورونا وائرس کے خلاف دہلی حکومت کی لڑائی کی حمایت کے لئے وزیر اعلی ریلیف فنڈ میں ایک دن کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی) کے وائس چیئرمین راگھو چڈھا نے کہا کہ ڈی جے بی کے تمام ملازمین نے کورونا وائرس کے خلاف دہلی حکومت کی لڑائی کی حمایت کے لئے وزیر اعلی ریلیف فنڈ میں ایک دن کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری محکموں میں دہلی جل بورڈ پہلا ادارہ ہے جس نے امداد کا اعلان کیا ہے۔

راگھو چڈھا نے کہا کہ دہلی جل بورڈ کے ملازمین نے مشترکہ طور پر ایک دن کی تنخواہ کورونا وبا کے پیش نظر وزیر اعلی کے امدادی فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی حمایت کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا ’’میرے ساتھی اور ہم تمام شہریوں کی حفاظت اور فلاح کے لئے دعا کرتے ہیں۔‘‘


راگھو چڈھا کے مطابق ایک ڈی جے بی فیملی کی ایک دن کی تنخواہ تقریباً 2 کروڑ روپئے ہوتی ہے جو وزیر اعلی ریلیف فنڈ میں منتقل کی جائے گی۔ یہ رقم افسران اور عملے کی اپریل 2020 کی تنخواہ سے دی جائے گی۔ راگھو چڈھا نے کہا کہ ’’میں اس سخاوت پر دہلی جل بورڈ سے وابستہ تمام افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ واقعتا عظیم انسانی مدد کا جذبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی سربراہی میں دہلی حکومت ریاست میں کورونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو روکنے اور کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی اس مہم کے مطابق کہ دہلی میں کوئی بھوکا نہ رہے، حکومت نے روزانہ 10 لاکھ لوگوں کو کھانا کھلانے کا انتظام کیا ہے۔


راگھو چڈھا نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران پانی کی فراہمی اور بلاتعطل سیوریج کی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے ڈی جے بی چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کام کریں اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ ڈی جے بی میں ہم اپنے فرنٹ لائن ہیروز یعنی اپنے ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں سے سیکھ لیتے ہیں جو ان مشکل وقت میں ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ہر ایک کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ ہم لاک ڈاؤن کی پیروی کریں اور معاشرتی فاصلہ برقرار رکھیں- اپنے پیاروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔