کورونا وائرس: 24 گھنٹے میں 1334 نئے معاملے، 27 افراد ہوئے لقمہ اجل

ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 15712 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ حالانکہ کورونا وائرس سے متاثرین کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (كووڈ -19) انفیکشن کے 1334 نئے کیسز درج کیے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 15 ہزار 712 تک پہنچ گئی اور اس دوران اس وبا سے 27 افراد کی موت ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 507 ہو گئی۔

ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 15712 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرین کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وبا سے متاثر 239 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 2231 تک پہنچ گئی ہے۔


وزارت صحت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر ہے جہاں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 328 افراد کا اضافہ درج کیا گیا اور مجموعی تعداد 3651 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 10 افراد کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 211 ہو گئی ہے۔

متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں دوسرے مقام پر ملک کی قومی راجدھانی دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 186 نئے کیسز درج کئے جانے کے بعد اب تک کل 1893 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران مرنے والوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔ دارالحکومت میں کل 72 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ اس کے بعد گجرات میں متاثرین کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور یہاں 277 نئے مریضوں کے ساتھ مجموعی تعداد 1376 ہوگئی ہے اور 12 مزید افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 53 تک پہنچ گئی ہے۔


تمل ناڈو میں 49 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور متاثرین مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1372 ہو گئی ہے، ریاست میں اب تک 15 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ مدھیہ پردیش میں متاثرین کی تعداد 97 سے بڑھ کر 1407 ہو گئی ہے اور ریاست میں مرنے والوں کی تعداد ایک کے اضافہ کے ساتھ 70 ہو گئی۔

وہیں راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 122 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور یہ تعداد بڑھ کر 1351 ہو گئی ہے۔ ریاست میں انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ درج نہیں کیا گیا اور یہاں ہلاک شدگان کی تعداد 11 ہی ہے۔


اس دوران تلنگانہ میں 43 نئے کیسز سامنے آئے اور متا ثرین کی کل تعداد 809 ہو گئی۔ ریاست میں اس وبا سے کل 18 افراد کی موت ہوئی ہے۔ کیرالہ میں 400 لوگ متاثر ہوئے ہیں اورتین افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں انفیکشن کے 120 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 969 ہو گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 14 ہی ہے۔

جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 603 اور کرناٹک میں 384 متاثرین ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 15 اور 14 افراد کی موت ہوئی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام صوبہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 341 ہے اور پانچ افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 13، مغربی بنگال میں 12، ہریانہ میں تین، جھارکھنڈ اور بہار میں دو دو، میگھالیہ، اڑیسہ، ہماچل پردیش اور آسام میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔