کورونا نے پھر پکڑی رفتار، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار سے زائد نئے معاملہ

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8329 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 40 ہزار 370 ہو گئی ہے جو بڑھتے ہوئے رجحان کی جانب اشارہ کر رہا ہے

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وبا سے دو سال سے نبرد آزما عوام کو امید تھی کہ اب راحت مل جائے گی لیکن یومیہ کیسز میں جس طرح سے اضافہ درج کیا جا رہا ہے یہ امید ٹوٹتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 8329 نئے کیسز درج کئے گئے، جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 40 ہزار 370 ہو گئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 افراد کی کورونا کی وجہ سے موت ہو گئی۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پازیٹوٹی کی یومیہ شرح 2.41 فیصد اور ہفتہ وار شرح 1.75 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 216 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4 کروڑ 26 لاکھ 48 ہزار 308 ہو گئی ہے۔


خیال رہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے ملک میں کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی ہوئی تھی لیکن بدھ کو 93 دن کے بعد ایک دن میں پانچ ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ اب یہ تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ملک میں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو یہ تعداد 4 کروڑ 32 لاکھ 13 ہزار 435 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس وبا کی وجہ سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد بڑھ کر 524757 ہو گئی ہے۔

ملک گیر ٹیکہ کاری مہم کے تحت اب تک اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی 194 کروڑ سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ گزشتہ روز 15 لاکھ 8 ہزار 406 خوراکیں دی گئیں، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر ویکسین کی 194 کروڑ 92 لاکھ 71 ہزار 111 خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */