'کورونا کہیں نہیں، کوئی ماسک نہیں پہنتا، کسی کو کچھ نہیں ہوا'، کانگریس صدر کھڑگے کا مودی حکومت پر شدید حملہ

مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ "حکومت ذات اور مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے، لوگوں سے بولنے کی آزادی بھی چھین رہی ہے۔"

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چین میں کورونا انفیکشن کے لگاتار بڑھتے معاملوں کا حوالہ دیتے ہوئے گزشتہ دنوں مرکزی حکومت نے راہل گاندھی سے گزارش کی تھی کہ وہ اپنی بھارت جوڑو یاترا کو روک دیں، لیکن کانگریس کے سرکردہ لیڈران لگاتار اس سلسلے میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کانگریس لیڈران کا کہنا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی لیڈران ڈر گئے ہیں اور کورونا کا بہانہ بنا کر اس یاترا کو روکنا چاہتے ہیں۔ آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران اپنے خطاب میں بھی اس بات کا تذکرہ کیا۔

ہفتہ کے روز کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان میں کورونا کہیں نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ "کورونا کہیں نہیں ہے، کوئی ماسک نہیں پہنتا ہے۔ کسی کو کچھ نہیں ہوا ہے۔" ساتھ ہی انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ "کورونا ہو یا کچھ بھی، ہم چلتے جائیں گے۔" مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ "حکومت ذات اور مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے، لوگوں سے بولنے کی آزادی بھی چھین رہی ہے۔ اچھی سوچ رکھنے والے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔" انھوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی بھارت جوڑو یاترا سے خوفزدہ ہے اور اسی لیے کووڈ کا بہانہ لے کر سامنے آئی ہے۔


وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ "انھوں نے شادی میں ماسک نہیں لگایا تھا، لیکن پارلیمنٹ میں ماسک لگا کر آئے۔ یہ سب کچھ لوگوں میں کورونا کو لے کر خوف پھیلانے کے لیے کیا گیا۔ انھوں نے بھارت جوڑو یاترا کو ناکام کرنے کے لیے یہ سب کیا ہے۔" اس دوران ملکارجن کھڑگے نے ہند-چین سرحد تنازعہ پر کہا کہ مودی حکومت اس پر بات کرنے سے بھاگ رہی ہے۔ چین ہم پر حملہ کر رہا ہے جس کو لے کر راہل گاندھی آواز اٹھا رہے ہیں، لیکن مودی حکومت بحث کے لیے تیار نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */