مہاراشٹر میں کورونا کے بڑھتے معاملوں سے کھلبلی، تین اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان!

ممبئی کے لیے جاری گائیڈ لائنس کے مطابق ایک بلڈنگ میں 5 سے زائد کورونا کے معاملے پائے جانے پر بلڈنگ سیز کر دیا جائے گا۔ جن لوگوں کو ہوم کوارنٹائن کیا جائے گا ان کی کلائی پر اسٹامپ بھی لگایا جائے گا۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

تنویر

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے معاملے تیزی کے ساتھ ضرور کم ہو رہے ہیں، لیکن کچھ ریاستوں میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ ایسی ریاستوں میں مہاراشٹر سب سے اہم ہے جہاں حالات خراب ہونے سے پہلے ہی ادھو ٹھاکرے حکومت نے احتیاطی اقدام کرنے شروع کر دیے ہیں۔ انفیکشن کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ریاست کے تین اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ممبئی کے لیے نئی گائیڈ لائنس بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ جن اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ان کے نام امراوتی، اکولا اور یاوتمال ہیں۔ ان تینوں اضلاع میں حالات کے مطابق لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ یاوتمال میں 10 دنوں کے لیے لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ امراوتی میں بھی اتوار کو لاک ڈاؤن رکھنے کی بات کہی گئی ہے۔ آنے والے وقت میں نائٹ کرفیو پر عمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں بی ایم سی نے اعتراف کیا تھا کہ ممبئی میں کورونا کے معاملوں میں پھر سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ بی ایم سی نے متنبہ بھی کیا تھا کہ اگر کورونا کے معاملوں میں اضافہ نہیں رکا تو ممبئی کے لیے سخت پابندیاں نافذ کرنے پر مجبورہونا پڑے گا۔ اب بی ایم سی نے کورونا سے نمٹنے کے لیے کچھ نئی کورونا گائیڈ لائنس جاری کی ہیں۔ نئی گائیڈ لائنس کے مطابق ممبئی میں ماسک لگانا لازمی کر دیا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے والوں سے 200 روپے کا جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ نئی گائیڈ لائنس کے تحت ہوم کوارنٹائن نہ کرنے والوں پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شادی وغیرہ کی تقاریب میں مزید سختی کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


ممبئی کے لیے جاری نئی گائیڈ لائنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر ایک بلڈنگ میں پانچ سے زائد کورونا کے معاملے پائے جاتے ہیں تو اس بلڈنگ کو سیز کر دیا جائے گا۔ جن لوگوں کو ہوم کوارنٹائن کیا جائے گا، ان کی کلائی پر اسٹامپ بھی لگایا جائے گا۔ ممبئی کی لوکل ٹرینوں کے تعلق سے بھی گائیڈ لائنس میں خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ اب جو بھی مسافر لوکل ٹرین میں ماسک نہیں پہنے ہوں گے، انھیں پکڑنے کے لیے 300 مارشل لگائے جائیں گے اور ان سے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔

سچ تو یہ ہے کہ ممبئی ہی نہیں، پورے مہاراشٹر میں کورونا کے معاملے میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ آٹھ اضلاع ایسے ہیں جہاں گزشتہ ہفتہ میں اوسطاً 8 فیصد سے زیادہ کورونا معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہ اضلاع ہیں پونے، ناسک، ناگپور، وردھا، یاوتمال، امراوتی، اکولا اور بلڈھانا۔ کچھ علاقوں میں کورونا انفیکشن بڑھنے کی وجہ پنچایت انتخابات بتائی جا رہی ہے۔ دراصل مہاراشٹر میں تقریباً 1400 گرام پنچایتوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سرگرمیاں کافی بڑھی ہوئی ہیں۔ ایسے علاقوں میں کورونا کے معاملے کچھ زیادہ ہی بڑھتے ہوئے محسوس ہو رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */