مہاراشٹر کے 10 اضلاع کورونا کی زد میں، کئی جگہ مکمل لاک ڈاؤن نافذ

مہاراشٹر کے 36 اضلاع میں 10 سے زائد کورونا کی زد میں ہیں جن میں سے 8 اضلاع میں کرفیو و لاک ڈاؤن اور سخت پابندیاں انتظامیہ کے ذریعہ عائد کی گئیں ہیں۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

تنویر

مہاراشٹر سمیت ہندوستان کی چھ ریاستوں میں ایک بار پھر سے کورونا انفیکشن کا قہر بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ محکمہ صحت کی طرف سے شام کے تقریباً سات بجے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 15 ہزار 817 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اتنے ہی وقت میں 56 لوگوں کی موت ہو گئی۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ جمعرات کو 14 ہزار 317 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔

بہر حال، مہاراشٹر میں کورونا کے معاملے 10 اضلاع میں زیادہ تیزی کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں۔ ان بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے کئی اضلاع میں ایک بار پھر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ آج پونے میں ضلع انتظامیہ نے اسکولوں و کالجوں کو 21 مارچ تک بند رکھنے کی ہدایت دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہوٹلوں اور ریستوراں کو کھلا رکھنے کے وقت میں بھی تخفیف کی گئی ہے۔ خبروں کے مطابق مہاراشٹر کے 36 اضلاع میں 10 سے زائد کورونا کی زد میں ہیں جن میں سے 8 اضلاع میں کرفیو و لاک ڈاؤن اور سخت پابندی انتظامیہ کے ذریعہ لگائی گئی ہے۔


جن اضلاع میں کورونا انفیکشن کا اثر زیادہ ہے ان کے بارے میں کچھ اہم معلومات نیچے دی جا رہی ہیں۔

پونے:

پونے میں جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ پونے میں روزانہ کورونا مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ 14 مارچ کو ہونے والی ایم پی ایس سی کمیشن کا امتحان اب 21 مارچ کو کر دیا گیا ہے۔ پونے میں ضلع انتظامیہ نے سبھی مالس، ہوٹل، سنیما ہال کو صبح 10 بجے تک ہی کھولے جانے کی منظوری دی ہے۔ ہوٹل اور ریستوراں سے آن لائن ہوم ڈلیوری بھی رات 11 بجے تک ہی کی جا سکے گی۔ پونے شہر میں اگلے حکم تک تمام گارڈن اور میدان بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں شادی اور آخری رسومات کے لیے بھی صرف 50 لوگوں کو ہی اجازت دی جائے گی۔ پونے شہر کے سبھی اسکول 21 مارچ تک بند رہیں گے۔

امراوتی:

امراوتی میں بھی انتظامیہ نے سخت احتیاطی اقدامات اٹھائے ہیں۔ اسکول و کالج بند کر دیے گئے ہیں اور شادی وغیرہ کی محفل میں 50 لوگوں کو ہی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سبھی بازار، عوامی مقامات، ہفتہ وار بازار صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہی کھلیں گے۔ صرف ضروری خدمات کو 24 گھنٹے منظوری دی گئی ہے اور وہ بھی شرطوں کے ساتھ۔


احمد نگر:

احمد نگر ضلع میں نائٹ کرفیو لگایا گیا ہے۔ رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک بغیر وجہ اور بغیر ایمرجنسی کسی کو گھر سے باہر نکلنے کی منظوری نہیں۔ سبھی دکانیں صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک ہی کھلی رہیں گی اور شادی بیاہ میں صرف 50 لوگوں کو ہی شرکت کی منظوری ملے گی۔ اس ضلع میں بھی اسکول و کالجز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جلگاؤں:

جلگاؤں میں تین دن کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ 12 مارچ سے 14 مارچ تک شہر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، گویا کہ پیر کی صبح لاک ڈاؤن ختم ہونے کا امکان ہے۔ سبھی بازار، اسکول و کالج بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور ساتھ ہی کئی علاقوں میں جنتا کرفیو بھی لگایا گیا ہے۔


پربھنی:

پربھنی ضلع میں بھی آج رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن پیر، یعنی 15 مارچ کی صبح 6 بجے تک رہے گا۔ یہاں بھی سبھی بازار، اسکول و کالج بند رہیں گے۔

ناندیڑ:

اس ضلع میں جزوی لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوا ہے۔ اس دوران یہاں اسکول، کالج بند رہیں گے۔ سبھی بازار و دکانیں صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ہی کھلیں گی۔ ہفتہ وار بازار بند رہیں گے اور شادی وغیرہ کی تقاریب میں 50 لوگوں کو ہی اجازت دی جائے گی۔ آج رات 12 بجے سے پیر یعنی 15 مارچ تک جزوی لاک ڈاؤن کے ضابطوں پر عمل کرنا ہوگا۔

اورنگ آباد:

اورنگ آباد ضلع میں بھی جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ یہ جزوی لاک ڈاؤن 11 مارچ سے شروع ہوا ہے جو 17 مارچ تک جاری رہے گا۔ سبھی منڈیاں، بازار، ہوٹل بند رہیں گے اور اسکول و کالج بھی نہ کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ عبادت کے سبھی مقامات بھی جزوی لاک ڈاؤن کے دوران بند رہیں گے اور اجنتا و ایلورا سیاحتی مقام بھی نہیں کھلے گا۔


اکولا:

اکولا ضلع میں بھی آج رات سے مکمل لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن پیر کی صبح 6 بجے تک رہے گا اور اس دوران ضلع کے سبھی اسکول، کالج کے ساتھ ساتھ بازار، سنیما ہال و ہوٹل بند رہیں گے۔ ہفتہ وار ہاٹ اور سیاحتی مقامات کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے، صرف ضروری خدمات ہی 24 گھنٹے مہیا ہو سکے گی۔

نوی ممبئی:

نوی ممبئی شہر کے پنویل میونسپل کارپوریشن علاقہ میں آج رات سے نائٹ کرفیو نافذ ہوگا جو کہ آئندہ 10 دنوں تک یعنی 22 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس کے تحت رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک لوگوں کو سڑکوں پر نکلنا منع رہے گا۔ بہت ضروری کام سے ہی عام لوگ گھر سے باہر جا سکیں گے اور ضابطے پر عمل نہیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ سبھی اسکول و کالج 22 مارچ تک بند رہیں گے اور شادی تقریب منعقد کرنے کے لیے پولس سے این او سی لینا لازمی ہوگا۔ پنویل میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اس لیے یہاں کے آئسولیشن سنٹرس کو دوبارہ کھولنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پنویل میں فروری ماہ تک سرگرم کورونا کیسز کی تعداد صرف 250 تھی، لیکن مارچ میں یہ بڑھ کر 787 ہو گئی ہے۔


ممبئی:

ملک کی معاشی راجدھانی ممبئی میں ملک کے سب سے زیادہ کورونا کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ ممبئی میں ایک بار پھر تیزی سے کورونا کے کیس بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ اگر لوگ شرائط و ضوابط پر عمل نہیں کرتے ہیں تو کچھ اجازتوں پر روک لگائی جا سکتی ہے۔ ممبئی میں ریلی، مورچہ، یاترا، سماجی پروگرام پر پابندی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔