راجستھان بلدیہ انتخابات میں کانگریس کا جلوہ، 90 میں 52 ادارے جیت لئے

راجستھان کے بلدیہ انتخابات میں کانگریس کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے، کئی شہروں میں بی جے پی اقتدار گنوا چکی ہے اور کانگریس پارٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے

کانگریس پارٹی
کانگریس پارٹی
user

قومی آوازبیورو

جے پور: راجستھان کے 20 اضلاع میں 90 مقامی بلدیہ پر ہونے والے انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا ہے۔ ریاست کی برسر اقتدار جماعت کانگریس نے ان انتخابات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد شہروں کو بی جے پی سے چھین لیا ہے۔ ان انتخابی نتائج کو وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی حکمرانی میں کئے گئے کاموں کی عوام کی جانب سے توثیق قرار دیا جا رہا ہے وہیں کانگریس پارٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ریاستی الیکشن کمیشن کے ذریعہ 20 اضلاع کے 90 اداروں کے انتخابی نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔ 3035 وارڈوں میں سے 3034 وارڈوں کے انتخابی نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس میں کانگریس نے سب سے زیادہ 1197 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی۔ جبکہ، بی جے پی 1140 وارڈوں میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ آزاد امیدواروں نے 634 وارڈوں میں، 46 وارڈوں میں این سی پی، 13 وارڈوں میں آر ایل پی، 3 وارڈوں میں سی پی آئی ایم اور ایک وارڈ میں بی ایس پی کے امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔


مقامی بلدیہ انتخابات کے نتائج پر نظر ڈالیں تو 52 سے زیادہ اداروں میں کانگریس اکثریت حاصل کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ان میں کئی ادارے ایسے بھی ہیں جہاں کانگریس کو آزاد امیدواروں کا سہارا لینا پڑے گا۔ وارڈ ممبران کے انتخابی نتائج کے بعد اب یکم فروری کو صدر کے انتخاب کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس کے لئے 7 فروری کو انتخابات ہوں گے اور اسی روز نتائج جاری کر دیئے جائیں گے۔ اسی کے بعد نائب صدر کا انتخاب 8 فروری کو ہوگا۔

بلدیہ انتخابات میں کامیابی حاصل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’آج جاری ہونے والے 90 بلدیاتی اداروں کے انتخابات خوشگوار ہیں۔ کانگریس پارٹی کے تمام جیتنے والے امیدواروں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ ووٹرز کا شکریہ اور کانگریس کارکنوں اور قائدین کو ان کی محنت اور کے لئے شکریہ اور جیت کی مبارکباد۔ کانگریس پارٹی کے حاصل کئے گئے ووٹوں کی شرح بھی سب سے زیادہ ہے اور جیتنے والے کونسلرز کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ بیشتر مقامات پر کانگریس پارٹی بورڈ تشکیل دے گی۔


کانگریس کے سینئر لیڈر اجے ماکن نے بھی راجستھان کی بلدیہ انتخابات میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’راجستھان سے کانگریس کے لئے اچھی خبر ہے۔ 90 شہروں کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج آ گئے ہیں۔ بی جے پی کے گڑھ مانے جانے والے ان 90 شہروں میں سے 48 پر کانگریس بی جے پی سے آگے ہے۔ اس کے علاوہ دیگر چار شہروں میں آزاد امیدوار کانگریس کے حمایت میں آ گئے ہیں۔ 90 میں سے 52 شہری بلدیہ میں کانگریس کا بورڈ تشکیل ہونے کی توقع ہے۔‘‘

اجے ماکن نے مزید کہا، ’’اور اچھی بات یہ ہے کہ کئی شہری بلدیاتی اداروں میں تو کانگریس کئی عشروں کے بعد جیتی ہے۔ جن چار اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونے ہیں ان میں سے تین علاقوں میں ہم بی جے پی سے آگے ہیں۔ اور چوتھے شہر میں محض ایک سیٹ سے پیچھے ہیں۔ گووند ڈوٹاسرا اور اشوک گہلوت کو مبارک باد۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Jan 2021, 8:40 PM