’سیمی فائنل‘ میں کانگریس نے دہلی کی عوام کا دل جیتا، 2022 کے ’فائنل‘ میں دہلی جیتیں گے: چودھری انل

چودھری انل کمار نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے لیے ہوئے ضمنی انتخابات کو ’سیمی فائنل‘ ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ابھی تو کانگریس نے عوام کا دل جیتا ہے، 2022 کے ’فائنل‘ یعنی میونسپل الیکشن میں دہلی جیتیں گے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آوازبیورو

دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے سربراہ چودھری انل کمار نے چوہان بانگر وارڈ سے کانگریس امیدوار کے کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخابات کے نتائج سے حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑنے والا، لیکن دہلی کے لیے یہ نتائج انتہائی اہم ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ان ضمنی انتخابات میں دہلی کی عوام نے بی جے پی کو بری طرح سے مسترد کر دیا ہے اور 5 وارڈوں میں کانگریس پارٹی ایک پر کامیاب ہوئی ہے جو خوش آئند ہے۔ چوہان بانگر وارڈ سے کامیاب ہوئے زبیر احمد کو 22000 ووٹوں میں سے تقریباً 16500 ووٹ پڑے، اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ عوام کیا چاہتی ہے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

ریاستی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انل کمار کے ساتھ چوہان بانگر کے کامیاب امیدوار زبیر احمد، ریاستی نائب صدر سروشری جے کشن، ابھشیک دت، مودت اگروال اور علی مہندی، مہیلا کانگریس سربراہ امرتا دھون، ضلع صدر محمد عثمان اور راج کمار اندوریا موجود تھے۔ اس موقع پر چودھری انل نے کانگریس پر بھروسہ ظاہر کرنے کے لیے دہلی کے باشندوں سمیت تمام ووٹروں کا شکریہ ادا کیا۔ کانگریس ریاستی صدر نے اس کامیابی پر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کانگریس کارکنان، بلاک آبزروروں، عہدیداروں اور کنٹرول روم کی ذمہ داری سنبھالنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے پانچوں وارڈوں میں بوتھ سطح تک نظر رکھی اور کانگریس کے نظریات، عوام کی آواز اور بی جے پی کی بدعنوانی و عآپ حکومت کی ناکامیوں کو گھر گھر تک پہنچایا۔


اپنے بیان میں چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’دہلی کے ووٹروں نے کانگریس میں جو بھروسہ ظاہر کیا ہے، اس سے صاف ہو گیا ہے کہ دہلی کے باشندے کانگریس کو یاد کر رہے ہیں اور 2002 کی طرح کانگریس پارٹی 2022 کا میونسپل الیکشن جیت کر لوگوں کی خدمت کرے گی۔‘‘ چودھری انل کمار نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے لیے ہوئے ضمنی انتخابات کو ’سیمی فائنل‘ ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ابھی تو کانگریس نے عوام کا دل جیتا ہے، 2022 کے ’فائنل‘ یعنی میونسپل الیکشن میں دہلی جیتیں گے۔

دہلی کانگریس کے صدر نے کیجریوال حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’اروند کیجریوال گزشتہ 7 سالوں سے اقتدار میں ہے اور کارپوریشن میں بی جے پی گزشتہ 14 سالوں سے برسراقتدار ہے۔ دونوں کی عوام مخالف پالیسیوں، ٹھپ پڑے ترقیاتی منصوبوں، بے حال صفائی نظام، راشن، پنشن، گندہ پانی اور بدعنوانی وغیرہ سے دہلی کے باشندے پریشان ہو چکے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */