جموں وکشمیر میں اگلی حکومت کانگریس کی ہوگی: غلام احمد میر

ریاست کے عوام اس وقت راہل گاندھی کی طرف دیکھ رہی ہے۔ کانگریس آنے والے اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گی اور اگلی حکومت بنائے گی۔

فائل تصویر
فائل تصویر
user

یو این آئی

اننت ناگ: جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ ریاست میں اگلی حکومت کانگریس کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تینوں خطوں میں کانگریس مضبوط پوزیشن میں ہے۔ جموں میں بھاجپا ہٹاﺅ کانگریس لاﺅ کی لہر چل پڑی ہے۔ لداخ میں کسی دوسری جماعت کا کھاتہ نہیں کھلے گا۔ جبکہ پارٹی کا وادی میں 12 سے 15 نشستیں جیتنا متوقع ہے۔

غلام احمد میر اتوار کے روز یہاں پارٹی کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا 'جموں وکشمیر میں جموں ہو، کشمیر ہو یا لداخ ۔ تینوں خطوں میں کانگریس مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ نیشنل کانفرنس اپنی اننگ کھیل چکی ہے۔ پی ڈی پی کو بھی ایک بہت بڑا موقع ملا تھا۔ ریاست کے عوام اس وقت راہل گاندھی کی طرف دیکھ رہی ہے۔ کانگریس آنے والی اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گی اور اگلی حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا 'جموں میں اس وقت بھاجپا ہٹاﺅ کانگریس لاﺅ کی لہر چل پڑی ہے۔ کشمیر میں اگرچہ کئی سیاسی جماعتیں سرگرم ہیں، تاہم یہاں کے لوگ چاہتے ہیں کہ کانگریس اچھے لوگوں کو سامنے لائیں۔ یہاں کے مسئلے اگر کوئی جماعت حل کرسکتی ہے تو وہ کانگریس پارٹی ہے۔ لداخ میں کسی دوسری جماعت کا کھاتہ نہیں کھلنا ہے۔ اگر کانگریس وادی میں 12 سے 15 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو ریاست میں اگلی حکومت کانگریس کی ہوگی۔

ریاستی کانگریس کے صدر نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت کے دوران متعدد گھوٹالے سامنے آئے ہیں تاہم ایک گھوٹالے کی بھی جانچ نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا 'اسی مرکزی سرکار کے ہوتے ہوئے کئی سارے گھوٹالے سامنے آئے۔ مگر مودی جی اور ان کی سرکار نے قسم کھا رکھی ہے کہ ہم نے کوئی ایف آئی آر درج کرنا ہے نہ تحقیقات کرانی ہے۔ وہ پانچ سال بعد یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ان کی سرکار میں کوئی گھوٹالا نہیں ہوا۔ وہ گھوٹالوں کی جانچ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ اب ان گھوٹالوں کی جانچ ملک کے عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔