دہلی کے فساد متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا کانگریس کا خصوصی وفد

راجدھانی دہلی کے شمال مشرقی علاقے میں ہوئے تشدد کے بعد حالات کا جائزہ لینے کے لیے کانگریس کا ایک وفد ان علاقوں کا دورہ کرے گا۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اس کے لیے 5 رکنی وفد تشکیل دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کے ایک نمائندہ وفد کو شمال مشرقی دہلی کے فساد زدہ علاقوں کا دورہ کر حالات کا جائزہ لینے کے لیے کہا ہے۔ اس 5 رکنی وفد میں مکل واسنک، شکتی سنگھ گوہل، کماری شیلجا، طارق انور اور سشمتا دیو شامل ہیں۔ پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ نمائندہ وفد متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ کانگریس صدر کو سونپے گا۔


غور طلب ہے کہ اس سے پہلے کانگریس کا ایک نمائندہ وفد جمعرات کو صدر جمہوریہ سے ملا تھا جس میں سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی شامل تھے۔ صدر جمہوریہ سے ملنے کے بعد سونیا گاندھی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے وزیر داخلہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’دہلی میں بھڑکے تشدد کو وزیر داخلہ روکنے میں ناکام رہے۔ شمال مشرقی دہلی میں تشدد بڑھتا گیا اور لوگوں کی جانیں جاتی رہیں۔ 200 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے اور حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی۔ ہم نے صدر جمہوریہ سے وزیر داخلہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر جمہوریہ ضروری قدم اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ دہلی تشدد میں اب تک 42 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور اب تک 200 سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔