کانگریس کا نریندر مودی پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ

’’بھاری مقدار میں نقدی برآمد ہونے سے صاف ہے کہ یہ بی جے پی کی ’ووٹ کے لیے نوٹ‘ دینے کی کوشش تھی اس لیے پارٹی الیکشن کمیشن سے ان دونوں رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرے گی۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ارونا چل پردیش کی ریلی سے ٹھیک پہلے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو کے قافلے سے بھاری مقدار میں نقدی برآمد ہونے سے صاف ہے کہ یہ بی جے پی کی ’ووٹ کے لیے نوٹ‘ دینے کی کوشش تھی اس لیے پارٹی الیکشن کمیشن سے ان دونوں رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرے گی۔

کانگریس میڈیا سیل کےانچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ منگل کی رات تقریباً 12 بجے پیما کھانڈو کے قافلے سے پونے دو کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی برآمد کی گئی تھی۔ اس تعلق سے دو افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور انہوں نے نقدی ہونے کی بات قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیسہ ان کا تھا جسے انہوں نے اپنے قریبی رشتہ داروں سے حاصل کرکے کسی کام کے لیے لیے جمع کیا تھا۔

سرجے والا نے کہا کہ اگر یہ پیسہ قریبی رشتہ داروں کے پاس سے جمع کیا گیا تھا تو آدھی رات کو وزیراعلیٰ کے قافلے کے ساتھ اس پیسے کو کار سے کہاں لے جایا جا رہا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا قافلہ بدھ کو ہونے والی نریندر مودی کی ریلی کے مقام کی طرف جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیسہ یقینی طور پر رائے دہندگان کو مائل کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا اور اس تعلق سے کمیشن میں شکایت درج کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے شکایت کرنے کے لیے کمیشن نے جمعہ کو ملاقات کا وقت دیا ہے۔ کانگریس کے رہنما کمیشن سے ملاقات کرکے اس معاملے کی شکایت کریں گے اور نریندر مودی اور پیما کھانڈو کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ بھی کریں گے۔ ساتھ ہی کانگریس اس حلقے کے بی جے پی کے امیدوار کا پرچہ نامزدگی رد کرنے کا بھی کمیشن سے مطالبہ کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔