کانگریس نے 14 جولائی کو طلب کی پارلیمانی اسٹریٹجی گروپ کی میٹنگ، مودی حکومت کو گھیرنے کی تیاری!

سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے منگل کے روز کہا کہ کانگریس پارٹی پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں مہنگائی کا ایشو اٹھائے گی اور حکومت سے لوگوں کو راحت دینے کا مطالبہ کرے گی۔

سونیا گاندھی
سونیا گاندھی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس سے پہلے 14 جولائی کو پارٹی کے پارلیمانی اسٹریٹجی گروپ کی میٹنگ طلب کی ہے، جس میں پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں اٹھائے جانے والے اہم ایشوز پر تبادلہ خیال ہوگا۔ کانگریس کا پارلیمانی اسٹریٹجی گروپ پارلیمانی اجلاس میں عوام سے جڑے اہم ایشوز کو زوردار طریقے سے اٹھانے اور حکومت کو اس کی ناکامی پر گھیرنے کی پالیسی پر بھی غور و خوض کرے گا۔

تصور کیا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں ملک میں لگاتار بڑھ رہی پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اور وبا کی دوسری لہر سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کے تعلق سے مرکزی حکومت کو گھیرنے کی پالیسی پر غور کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اجلاس کے دوران ملک میں ٹیکہ کاری کے ایشو کو بھی زوردار طریقے سے اٹھانے پر بات چیت ہوگی۔


سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے منگل کے روز میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں مہنگائی کا ایشو زور و شور سے اٹھائے گی اور اس سلسلے میں مکمل بحث کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے لوگوں کے لیے ضروری راحت کا مطالبہ کرے گی۔

غور طلب ہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت تمام پارٹی لیڈران لگاتار ملک میں بڑھتی مہنگائی، ڈوبتی معیشت، کورونا وبا سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی، ملک میں کورونا ویکسین کی زبردست قلت، کورونا سے متاثر لوگوں کو معاشی مدد دینے کا مطالبہ سمیت تمام ایشوز پر مودی حکومت کو لگاتار گھیرتے آ رہے ہیں۔ ایسے میں آئندہ مانسون اجلاس میں بھی ان ایشوز پر ایوان میں حکومت کو گھیرنے کی زوردار کوشش ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔