نوٹ بندی کے بعد گجرات کو آپریٹو بینکوں میں جمع ہوئے بڑی تعداد میں پرانے نوٹ

کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ گجرات کے کئی کو آپریٹو بینکو ں میں نوٹ بندی کے بعد بڑی تعداد میں پرانے نوٹ جمع ہوئے ، جن سے بی جے پی رہنماؤ ں کے گہرے تعلقات ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

وشو دیپک

کانگریس کے ترجمان سرجے والا نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب ہندوستانی عوام نوٹ بدلنے کے لئے لائن میں لگنے کی پریشانیاں برداشت کر رہے تھے اس وقت گھوٹالے باز کالے روپیوں کو سفید کرنے میں مشغول تھے ‘‘۔ واضح رہے آر ٹی آئی کے جواب میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ احمد آباد ضلع کوآپریٹو بینک(اے ڈی سی بی) پوے ملک کے 370 ضلع کو آپریٹو بینکوں میں سے ایک ہے اور اس کے ڈائریکٹروں میں بی جے پی صدر امت شاہ شامل ہیں اور اس بینک میں سب سے زیادہ 500 اور 1000 کے بند کئے گئے نوٹ جمع ہوئے ہیں۔

سرجے والا نے بتایا کہ اے ڈی سی بی کی ویب سائٹ میں یشپال چڈا بھی ایک ڈائریکٹر ہیں اور یشپال کا نام امت شاہ کے بیٹے جو ’جے شاہ زادہ ‘ معاملہ کے نام سے مشہور ہے اس میں بھی یشپال کا نام تھا۔ممبئی کے ایک آر ٹی آئی ایکٹیوسٹ کو ایک آر ٹی آئی کے جواب میں جو معلومات حاصل ہوئیں ہیں اس سے ایک بڑی بات سامنے آئی ہے کہ احمدآباد ضلع کو آپریٹو بینک (اے ڈی سی بی ) میں وزیر اعظم نریند ر مودی کے ذریعہ نوٹ بندی کے اعلان کے بعد محض پانچ روز کے اندر745.59 کروڑ ر کے پرانے نوٹ جمع ہوئے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ نریندر مودی نے جب نوٹ بندی کا اعلان کیا اس کے پانچ دنوں کے اندر گجرات کے ایسے 11 ڈی سی سی بی میں 3118.51 کروڑ روپے کے پرانے نوٹ جمع کرائے گئے جن سے بی جے پی لیڈران منسلک تھے۔ کانگریس نے گجرات کے مندرجہ ذیل 9 ڈی سی سی بی (احمدآباد ضلع کوآپریٹیو بینک اور راجکوٹ ضلع کوآپریٹیو بینک کو چھوڑ کر) کی فہرست بھی پیش جہاں پرانے نوٹوں پر مبنی خطیر رقم جمع کرائے گئے۔ کانگریس نے اس کے ساتھ ہی ان بینکوں سے منسلک بی جے پی لیڈروں کی فہرست بھی پیش کی ہے۔

1. سورت ضلع کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ: 369.85 کروڑ روپے وصول ہوئے۔ ڈائریکٹرس بشمول پربھو بھائی ناگر بھائی وساوا، بردولی سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ۔ اس کے چیئرمین بی جے پی کے مشہور لیڈر نریش بھائی پٹیل ہیں۔

2. سابرکانٹھا ضلع سنٹرل کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ: 328.50 کروڑ روپے وصول ہوئے۔ ڈائریکٹرس بشمول ہمت نگر سے بی جے پی ممبر اسمبلی راجندر سنگھ رنجیت سنگھ چاوڈا، اور گجرات کی بی جے پی حکومت میں داخلی امور کے ریاستی وزیر رہ چکے پرفل پٹیل جو کہ اس وقت دمن اینڈدیو اور دادرا اینڈ ناگر حویلی یونین ٹیریٹریز کے ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ انھیں نریندر مودی کے ذریعہ تقرر کیا گیا ہے۔ اس بینک کے چیئرمین بی جے پی لیڈر مہیش بھائی امیچند بھائی پٹیل ہیں۔

3. بناسکانٹھا ضلع سنٹرل کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ: 295.30 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ اس بینک کے ڈائریکٹر شنکر چودھری ہیں جو کہ گزشتہ گجرات حکومت میں شہری ہاوسنگ، صحت، خاندانی بہبود اور ٹرانسپورٹ کے ریاستی وزیر رہ چکے ہیں، ساتھ ہی شنکر چودھری گجرات بی جے پی کے جنرل سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ اس بینک کے چیئرمین بی جے پی لیڈر ایم ایل چودھری ہیں۔

4. مہسانا ضلع سنٹرل کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ: اس بینک میں 215.44 کروڑ پرانے نوٹ جمع ہوئے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ اس بینک کو گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل 'براہ رجسٹرار' خود کنٹرول کرتے ہیں۔

5. امریلی ضلع مدھیستھ سہکاری بینک لمیٹیڈ: یہاں 205.31 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ اس کے چیئرمین سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور گجرات کی بی جے پی حکومت میں سابق کابینہ وزیر دلیپ بھائی سنگھانی ہیں۔ مسٹر سنگھانی اس وقت NAFED کے وائس چیئرمین ہیں جن کی تقرری نریندر مودی کے ذریعہ ہوئی ہے۔

6. بھروچ ضلع سنٹرل کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ: یہاں 98.86 کروڑ روپے جمع کرائے گئے۔ اس بینک کے چیئرمین واگرا سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ارون سنگھ رانا ہیں۔

7. بڑودا سنٹرل کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ: 76.38 کروڑ روپے کے پرانے نوٹ یہاں وصول کیے گئے۔ بینک کے ڈائریکٹر بی جے پی لیڈر ستیش بھائی پٹیل ہیں جو پورے بینک پر اپنی گرفت رکھتے ہیں۔ بی جے پی کے ہی لیڈر اتل بھائی پٹیل اس بینک کے چیئرمین ہیں۔

8. جونا گڑھ ضلع سہکاری بینک لمیٹیڈ: یہاں 59.98 کروڑ روپے جمع کرائے گئے۔ چیئرمین گجرات حکومت میں کابینہ وزیر رہ چکے مشہور بی جے پی لیڈر جشابھائی براڈ ہیں۔

9. پنچ محل ضلع کوآپریٹیو بینک لمیٹیڈ: اس بینک میں 30.12 کروڑ روپے کے پرانے نوٹ جمع کرائے گئے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس بینک کو سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوپال سنگھ سولنکی 'براہ رجسٹرار' کنٹرول کرتے ہیں۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ آر ٹی آئی کے ذریعہ جو یہ تازہ جانکاری حاصل ہوئی ہے، وہ نوٹ بندی کے 19 مہینے بعد کی ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ نوٹ بندی کا پورا عمل آزاد ہندوستان کا ایک بہت بڑا گھوٹالہ ہے۔ اس جانکاری کے افشا ہونے کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ نوٹ بندی سے متعلق اٹھ رہے سوالوں کا ملک کو جواب دیں۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ امت شاہ اس بینک کے ڈائریکٹر ہیں اور یہ وہ کو آپریٹو بینک ہے جہاں سب سے زیادہ500 اور1000 روپے کے پرانے نوٹ جمع ہوئے تھے۔ یہ معلومات بھی آرٹی آئی کے جواب میں سامنے آئی ہے۔ مرکزی حکومت نے 8 نومبر 2016 کو پرانے500 اور 1000 کے نوٹوں پر پابندی عائد کر دی تھی ۔

غور طلب ہے کہ نوٹ بندی کے پانچ دن بعد14 نومبر2016 کو سبھی ضلع کو آپریٹو بینکوں کو بند کئے گئے نوٹوں کو جمع کرنے کے لئے منع کر دیا تھا ، کیونکہ یہ شک ظاہر کیا جا رہا تھا کہ کو آپریٹو بینکوں کے ذریعہ بلیک منی کو سفید کیا جا رہا ہے۔

نوٹ بندی کے بعد گجرات کو آپریٹو بینکوں میں جمع ہوئے بڑی تعداد میں پرانے نوٹ

بینک کی ویب سائٹ کے مطابق بی جے پی صدر امت شاہ اس بینک کےڈائریکٹر ہیں اور وہ کئی سال سے اس عہدے پر بنے ہوئے ہیں ۔ وہ سال 2000 میں بینک کے چیئرمین بھی رہے ہیں ۔ اے ڈی سی بی کے پاس31 مارچ 2017 کو کل 5,050روپے جمع تھے اور مالی 2017-18 میں بینک کو خالص منافع 14.31 کروڑ رہا۔ اے ڈی سی بی بینک کے بعد راجکوٹ کا کو آپریٹو بینک ہے جہاں سب سے زیادہ نوٹ جمع ہوئے جن پر پابندی لگائی گئی اور اس کے سربراہ گجرات کے وزیر ا علی وجے روپانی کی حکومت میں کابینہ وزیر جےشاہ بھائی وٹھل بھائی راڈیا ہیں ۔ اس بینک نے 693.19کروڑ روپے لاگت کے بند کئے گئے نوٹ جمع کئے گئے۔

واضح رہے راجکوٹ بی جے پی کی سیاست کا مرکز رہا ہے اور وزیر اعظم پہلی مرتبہ سال 2001 میں وہیں سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ غور کرنے کی بات ہے کہ راجکوٹ اور احمد آباد میں کو آپریٹو بینکوں کے ذریعہ رقم جمع کئے جانے کی تفصیلات گجرات کو آپریٹو بینک لمیٹڈ کے ذریعہ جمع رقم 1.11کروڑ روپے سے بہت زیادہ ہے ۔ آر ٹی آئی ایکٹیوسٹ منورنجن ایس رائے نے بتایا کہ ’’نوٹ بندی کے بعد پہلی بار ریاستی اور ضلع کو آپریٹو بینکوں میں جمع رقم کی جانکاری کا خلاصہ اس آر ٹی آئی کے ذریعہ ہوا ہے۔ یہ اطلاع چیف منیجر اور اپیلینٹ افسر، قومی کرشی اور گرامین وکاس بینک (نابارڈ ) کے ایس سروانول نے دی ہے۔

واضح رہے گجرات کو آپریٹو بینک سے بی جے پی رہنماؤں کے تعلقات ہیں اور ان بینکوں میں نوٹ بندی کے شروع کے پانچ دنوں میں3118.51 کروڑ روپے جمع کئے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Jun 2018, 3:29 PM