سوامی کی کرتار پور راہداری نہ کھولنے کی وکالت، کانگریس نے بی جے پی، اکالیوں کو گھیرا

ایک مشترکہ بیان میں دو کابینہ وزرا اور آٹھ ارکان اسمبلی نے الزام لگایا کہ سوامی کے بیان سے سکھوں کی عقیدت کو ٹھیس پہنچی ہے جو برسوں سے کرتارپور گلیارا کھولے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔

تصویر ڈی ڈبلیو
تصویر ڈی ڈبلیو
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کے کرتارپور گلیارا نہ کھولنے کی وکالت کرنے والے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے پنجاب کانگریس نے بی جے پی سمیت اس کی اتحادی شرومنی اکالی دل کے لیڈروں کو بھی آج گھیرنے کی کوشش کی۔

یہاں جاری ایک مشترکہ بیان میں دو کابینہ وزرا اور آٹھ ارکان اسمبلی نے الزام لگایا کہ سوامی کے بیان سے سکھوں کی عقیدت کو ٹھیس پہنچی ہے جو برسوں سے کرتارپور گلیارا کھولے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔


کابینہ وزیر سکھوندر سنگھ رندھاوا، بھارت بھوشن آشو، رکن اسمبلی ہرپرتاپ سنگھ، کلجیت سنگھ ناگرا، راجہ امریندر سنگھ وڈنگ، فتح جنگ سنگھ باجوا، برندرمیت سنگھ پاہڑا، کلبیر سنگھ زیرا، بلوندرسنگھ لاڈی اور سنتوکھ سنگھ نےجاری بیان میں کہا کہ اکالی لیڈروں، جو بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت میں شامل ہیں، کو سوامی کے بیان پر اپنا رخ واضح کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے گرودواروں پر اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) سے لے کر اب گلیارا روکنے کی چالوں تک متعدد سکھ اور پنجاب مخالف فیصلوں پر اکالی دل کی خاموشی ثابت کرتی ہے کہ اکالی دل بھی برابر کا گناہ گار ہیں۔


کانگریسی لیڈروں نے الزام لگایا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش کا ہی نتیجہ تھا کہ بی جے پی لیڈر نے یہ بیان چنڈی گڑھ آکر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کے اس بیان سے سچ سامنے آچکا ہے اور بی جے پی لیڈروں خصوصاً پنجاب لیڈروں کو بھی واضح کرنا چاہیے کہ وہ سوامی کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ اکالی دل کو مکمل سکھ برادری کبھی معاف نہیں کرےگی، جنہوں نے سکھ سماج کے برسوں پرانے اس مطالبے کو پورا ہونے کے راستے میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔