8 دسمبر سے ماہم کے میلے کا آغاز، ممبئی پولیس کی جانب سے آستانۂ مخدوم شاہ بابا پر پہلی چادر پیش کی جائے گی

ممبئی میں مخدوم بابا کو پولیس کا بابا بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ممبئی پولیس کو ان سے کافی انسیت و عقیدت ہے اس لئے پہلا صندل روایتی طور طریقوں کے ساتھ پولیس پیش کرتی ہے۔

ماہم میلہ، تصویر آئی اے این ایس
ماہم میلہ، تصویر آئی اے این ایس
user

محی الدین التمش

ممبئی: ممبئی عروس البلاد ماہم ساحل سمندر پر واقع عالمی شہرت یافتہ صوفی حضرت مخدوم فقیہ علی مہائمیؒ کا سالانہ میلہ کورونا کے دو سال بعد روایتی جوش وخروش کے ساتھ منایا جائے گا اس کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں پہلا صندل ممبئی پولیس کی جانب پیش کیا جاتا ہے اس کے بعد میلہ کی تقریبات کا آغاز ہوتا ہے، اس کے لئے ممبئی پولیس نے تمام تر تیاریاں مکمل کر نے کا دعوی کیا ہے 8 دسمبر سے 17 دسمبر تک یہ میلہ جاری رہے گا، ممبئی پولیس اور درگاہ کمیٹی نے اس سلسلے میں مشترکہ میٹنگ میں تمام نکات پر غور وخوص کر کے اس کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ممبئی میں کورونا کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد 600 سالہ قدیم میلہ شایان شان منعقد ہوگا، ٹریفک قوانین سے لے کر دیگر سیکورٹی انتظامات مکمل کر نے کا دعوی ممبئی پولیس نے کیا ہے۔

ممبئی میں مخدوم بابا کو پولیس کا بابا بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ممبئی پولیس کو ان سے کافی انسیت و عقیدت ہے اس لئے پہلا صندل روایتی طور طریقوں کے ساتھ پولیس پیش کر تی ہے، اس کے بعد آستانہ مخدوم پر صندل پیش کر نے کا سلسلہ دراز ہوجاتا ہے، ممبئی و اطراف سے کل 500 سے زائد صندل کمیٹیاں آستانہ مخدوم پرصندل اور نذرانہ عقیدت پیش کرتی ہیں اس کے پیش نظر پولیس نے یہاں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے ہیں۔ ماہم درگاہ کے منیجنگ ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے بتایا کہ کورونا کی پابندی سے نجات کے بعد دوسال بعد ماہم میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ میلہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس میلہ کا مقصد آستانہ مخدوم میں پولیس کا نذرانہ عقیدت ہے، انہوں نے کہا کہ مخدوم فقیہ علی مہائمیؒ کا یہ میلہ ہے اسے عرس سے منسوب کرنا غلط ہے۔ ہر سال پولیس گلہائے عقیدت پیش کر نے کے لئے آستانہ مخدوم پر سال کے آخر میں صندل پیش کرتی ہے اور روایتی سلامی دیتی ہے اس کے ساتھ ہی یابابا مخدوم کی دھنوں پر پولیس کا ڈھول بجایا جاتا ہے جو کافی مقبول بھی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ صندل کمیٹیوں کے ساتھ پولیس بھی صندل پیش کر تی ہے لیکن یہ فخر پولیس کو حاصل ہے کہ سب سے پہلا صندل انہیں کا پیش ہوتا ہے اس کے بعد دیگر صندل کمیٹیاں اپنا صندل پیش کرتی ہیں یہ ایک قدیم روایت ہے، انہوں نے کہا کہ صندل کمیٹیوں کو صندل پیش کر تے وقت درگاہ کا ادب و احترام کا خاص خیال رکھنا چاہئے، ڈھول تاشے اور غیر شرعی امور سے اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ اسلام میں یہ حرام ہے ایسے میں مخدوم بابا کو گلہائے عقیدت پیش کر نے کے لئے سادگی کے ساتھ صندل پیشی کو یقینی بنانا چاہئے، انہوں نے صندل کمیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نظم و نسق اور رہنمایانہ اصول کا خاص خیال رکھیں اور قانون کی خلا ف ورزی سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہا کہ میلہ کے دوران خرافات اور دیگر غیر شرعی امور سے نوجون گریز کریں ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے مورٹر سائیکل ریسنگ، بغیر ہیلمٹ، ٹریپل سیٹ موٹر سائیکل چلانے اور ہارن بجانے سے بھی اجتناب کریں، چونکہ اس سے اسلام اور مسلمانوں کی شبیہ خراب ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ صندل کمیٹیاں اور مسلم نوجوان کسی کی دل آزاری سے گریز کرنے کے ساتھ قانون کی تابعداری کریں۔ اسی کے ساتھ ممبئی کے ایڈیشنل پولیس کمشنر سینٹرل ریجن گیانیشور چوہان نے بھی نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی تابعداری کریں ہارن بجانے، رش ڈرائیونگ اور میلہ میں خرافات سے بچیں اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس پر کارروائی ہوگی اس کے ساتھ ہی پولیس شور شرابہ پر بھی نگرانی رکھے گی اور صوتی آلودگی کی خلاف ورزی پر کارروائی بھی یقینی ہوگی، انہوں نے کہا کہ ممبئی پولیس ہر سال کی طرح امسال بھی آستانہ مخدوم پر سلامی اور چادر پیش کرے گی اس کے بعد میلہ کا آغاز ہوگا، انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے باعث افتخار ہے کہ ممبئی کے مخدوم شاہ بابا کو پولیس کا بابا کہا جاتا ہے اس سوال پر کہ پولیس کے صندل پیش کرنے پر کسی شرپسند کو اعتراض ہے تو انہوں نے کہا کہ بابا مخدوم بین المذاہب بلا تفریق مذہب و ملت ہر ایک کے بابا ہیں اور وہ بھائی چارگی اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں اس لئے اس پر کسی کو اعتراض کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا یہ صندل روایت کا ایک حصہ ہے اس روایت سے انکار نہیں کیا جاتا ہے یہی وہ مقام ہے جہاں بھائی چارگی کو فروغ ملتا ہے اور ہر کوئی آستانہ پر حاضری دیتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */