کشمیر میں تازہ برف و باراں کے بعد سردی میں اضافہ

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 22 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں تازہ برف و باراں کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہونے سے سردی میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 22 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے مقابلے درجہ حرارت قریب 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب 1 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ گلمرگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران1.8 بارش ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گزشہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ پہلگام میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔


سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے قریب 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے کم سے کم درجہ حرارت سے قریب 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ ادھر وادی میں منگل کے روز موسم خشک مگر مطلع ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کئی بار کامیاب کوششیں کیں۔

موسمی خرابی سے سردی میں اضافے کے ساتھ ہی لوگوں نے گرم لباس زیب تن کرنا شروع کر دیا ہے۔ وادی کے بالائی علاقوں میں لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ پہننا اور گرمی کے لئے روایتی ’کانگڑی‘ کا استعمال بھی کرنا شروع کیا ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بھی دفتروں اور دکانوں میں گرمی کے لئے الیکٹرک آلات کا استعمال کرنا شروع ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */