ہائی اسکول اور ہائر سیکنڈری کے ٹاپر کو ہیلی کاپٹر سے سیر کرائے گی چھتیس گڑھ حکومت

چھتیس گڑھ کے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھوپیش بگھیل حکومت نے ہائی اسکول اور ہائر سیکنڈری کے امتحان میں دس سرفہرست رہنے والے طلبا کو ہیلی کاپٹر کی سیر کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔

بھوپیش بگھیل، تصویر یو این آئی
بھوپیش بگھیل، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ کے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ریاست کی بھوپیش بگھیل حکومت نے ہائی اسکول اور ہائر سیکنڈری کے امتحان میں دس سرفہرست رہنے والے طلبا کو ہیلی کاپٹر کی سیر کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اسے نام دیا گیا ہے ’مکھیہ منتری ٹاپرس چاپر رائیڈ‘۔ وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل ان دنوں ریاست کے زمینی حالات جاننے کے لیے دیہی علاقوں کے دورے پر ہیں۔ انھوں نے بلرام پور-رامانج گنج ضلع کے راج پور میں کہا کہ دسویں اور بارہویں کے امتحان میں ضلع میں ٹاپ کرنے والے طلبا کو ہیلی کاپٹر کی سیر کرانے اور گوبر خریداری کے بعد اب گئو موتر (گائے کا پیشاب) خریداری کی شروعات کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گئو موتر سے دوائیاں بنائی جائیں گی، اس سے خواتین اور دیہی عوام کو آمدنی کا ایک اور ذریعہ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے شعبہ میں آگے بڑھانے کے لیے دسویں اور بارہویں کے امتحان میں ضلع میں ٹاپ کرنے والے طلبا کو ہیلی کاپٹر سے سیر کرائیں گے، جس سے دیگر طلبا و طالبات میں بھی جوش پیدا ہوگا اور ان کے خوابوں کو پرواز ملے گا۔


اس تعلق سے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بدھ کے روز کہا کہ ’’میں نے سامری اسمبلی حلقہ کے دورہ کے دوران تین آتمانند انگلش میڈیم اسکولوں کا بھی جائزہ لیا۔ ان اسکولوں میں طلبا سے بات کر کے مجھے لگا کہ طلبا میں بہت صلاحیت ہے، ضرورت ہے تو صرف ان کی حوصلہ افزائی کی۔ بہت جلدی دسویں اور بارہویں درجات کے نتائج کا اعلان ہونے والا ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اگر ہمارے طلبا کو کوئی ترغیب ملے گی، کوئی بہترین حوصلہ افزا قدم اٹھایا جائے گا تو ان میں کامیابی حاصل کرنے کا جوش مزید بڑھ جائے گا۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ’’میں نے جب ہیلی کاپٹر لینڈ (آسمان سے زمین) کیا تو دیکھا کہ بہت سے بچے اور پختہ عمر کے لوگ بھی ہیلی کاپٹر کو دیکھ کر بہت پرجوش ہوئے اور خوش بھی تھے۔ ان کی آنکھوں کی چمک بتا رہی تھی کہ ان میں ہیلی کاپٹر کے تئیں کتنا کشش ہے۔ اس لیے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ درجہ دسویں اور بارہویں میں ریاست میں ٹاپ 10 طلبا کے ساتھ ساتھ ضلع کے دسویں و بارہویں کے ٹاپر طلبا کو رائے پور مدعو کر کے ان کی عزت افزائی کی جائے اور انھیں ہیلی کاپٹر سے سیر کرایا جائے۔‘‘


وزیر اعلیٰ نے ہوائی سفر کو لے کر لوگوں کے کشش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہوائی سفر کرنا ایک اچھی خواہش ہے جو چھوٹے بچے سے لے کر بڑے بوڑھوں تک میں موجود رہتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہیلی کاپٹر رائیڈ کرنے سے بچوں کے ذہن میں زندگی کے آسمان میں بھی اونچی پرواز بھرنے کی خواہش جاگے گی اور وہ اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی صلاحیت کو مزید نکھاریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔