این ڈی اے کا گھمسان تیز: چراغ پاسوان کا جیٹلی کے نام خط، پوچھے نوٹ بندی کے فوائد

این ڈی اے کو ڈوبتا جہاز جان کر بی جے پی کی اتحادی جماعتوں میں بھگدڑ کا سلسلہ اب تیز ہو گیا ہے، انتخابات میں ہار کے بی جے پی پر تنقید کر چکے پاسوان نے اب جیٹلی سے پوچھا ہے کہ نوٹ بندی سے کیا فائدہ ہوا!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں نے بی جے پی کی عوام میں گرتی مقبولیت کے پیش نظر آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں۔ بہار کی سیاسی جماعت آر ایل ایس پی کے سربراہ اپیندر کشواہا نے عظیم اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے اور ادھر ایل جے پی کے چراغ پاسوان بھی این ڈی اے کو ڈوبتا جہاز جان کر اس سے ناطہ توڑنے کو بے چین ہے۔

لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) اور مرکزی حکومت کے بیچ تلخی کے درمیان پارٹی رہنما چراغ پاسوان نے مرکزی وزیر خزانہ کے نام خط لکھ کر ان سے پوچھا ہے کہ بتائیں نوٹ بندی کا آخر کیا فائدہ ہوا۔ میڈیا رپورٹوں میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ چراغ پاسوان نے اس سے پہلے بی جے پی کے صدر امت شاہ اور وزیر اعظم مودی سے مرکزی حکومت کی کامیابیوں، ترقیاتی کاموں، روزگار اور کرنسی لون کے مستفیضین وغیر کا ریکارڈ طلب کیا تھا جو انہیں تاحال حاصل نہیں ہوا ہے۔ وہیں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایل جے پی نے این ڈے سے ناطہ توڑنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

چراغ پاسوان کے خط لکھنے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد این ڈی اے میں بھونچال آ گیا ہے۔ وہیں جیتن رام مانجھی کی پارٹی نے دعوی کیا ہے کہ چراغ پاسوان سے بات ہو گئی ہے اور وہ جلد ہی عظیم اتحاد کا دامن تھامنے والے ہیں۔ اس طرح کی خبریں سامنے آنے کے بعد اس طرح کی چہ میگوئیوں کا دور جاری ہے کہ ایل جے پی کی طرف سے جلد ہی کو ہی کوئی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ اس سب میں بی جے پی کا رُخ کافی معنی رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز چراغ پاسوان نے راہل گاندھی کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یقینی طور پر راہل گاندھی میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ کانگریس لگاتار ہار ہو رہی تھی اور اب پارٹی نے جیت حاصل کی ہے لہذا انہیں اس کا کریڈٹ دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی پر تنقید کرتے ہیں تو اچھا کام کرنے پر اس کی تعریف بھی کرنی چاہئے۔

چراغ پاسوان نے یہ بھی کہا کہ ’’کانگریس نے بہتر طریقہ سے کسانوں اور بیروزگاری کے مدے کو اٹھایا اور وہ کامیاب رہی جبکہ این ڈی اے مذہب ا ور مندروں میں الجھی رہ گئی۔ اس لئے میں حکومت سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمیں صرف ترقی کے مدے پر دھیان دینا چاہئے۔‘‘

اب چراغ پاسوان نے خط لکھ کر نوٹ بندی کے فائدے پوچھے ہیں۔ اس سے قبل چراغ پاسوان نے کیہا تھا کہ ’’میں ایشوز کو لے کر پریشان ہوں، چناؤ نزدیک ہیں اور ہمیں عوام کا سامنا کرنا ہے۔ ہم کس طرح انہیں بتائیں گے کہ کسانوں کے حق میں حکومت نے کہا کیا۔ ہم کیسے بتائیں گے کہ کسانوں کے لئے حکومت نے اچھا قدم اٹھایا۔ ہم جی ایس ٹی کو لے کر بھی فکر مند ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔