ترقی کے معاملے میں چھتیس گڑھ نے گجرات ماڈل کو پیچھے چھوڑا

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ صفائی کے معاملے میں چھتیس گڑھ نے پورے ملک میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔

بھوپیش بگھیل، تصویر یو این آئی
بھوپیش بگھیل، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں رَن فار سی جی پرائیڈ کو لے کر لوگوں میں خوب جوش دیکھنے کو ملا۔ اس دوڑ میں 20 ہزار سے زیادہ لوگ ایک ساتھ شامل ہوئے۔ وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ ترقی کے چھتیس گڑھ ماڈل نے گجرات ماڈل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بگھیل نے رَن فار سی جی پرائیڈ کو ہری جھنڈی دکھا کر شروعات کی۔ اس موقع پر ہر طرف سے ’بھارت ماتا کی جے‘، ’چھتیس گڑھیا سبلے بڑھیا‘ کا نعرہ سنائی دے رہا تھا۔

وزیر اعلیٰ بگھیل نے کہا کہ ہم نے جو نیا چھتیس گڑھ بنانے کا عزم کیا تھا، اسے ہم پورا کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ تین سالوں میں ہی چھتیس گڑھ ریاست نے ملک و دنیا میں اپنی الگ شناخت قائم کی ہے۔ چھتیس گڑھ ماڈل کا تذکرہ آج پورے ملک میں ہے۔ ہم نے ترقی کے چھتیس گڑھ ماڈل سے گجرات ماڈل کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انھوں نے آگے کہا کہ چھتیس گڑھ ماڈل برابری اور معاشی یکسانیت لانے والا ماڈل ہے۔ سماج کے غریب، کسان، قبائلی، خاتون، نوجوان اور سبھی طبقہ کے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ اس میں سبھی سماج اور طبقہ کے لوگ شامل ہیں۔ کورونا بحران کے دوران بھی چھتیس گڑھ میں ترقی کے کام لگاتار جاری رہے۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صفائی کے معاملے میں چھتیس گڑھ نے پورے ملک میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ چھتیس گڑھ ریاست کو گزشتہ تین سالوں سے ملک میں سب سے صاف ریاست کا ایوارڈ مل رہا ہے۔ اس سال چھتیس گڑھ نے صفائی کے شعبہ میں 67 ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے منصوبوں کی قومی سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔

ریاست کے رابطہ عامہ محکمہ اور کھیل و یوتھ فلاح محکمہ کے ذریعہ منعقد پانچ کلومیٹر کی یہ دوڑ تین حصوں میں ہوئی۔ پہلے حصہ میں 14 سال سے کم عمر کے بچے و بچیوں نے، دوسرے حصہ میں 14 سال سے 60 سال تک کی عمر کی خواتین اور مردوں نے اور تیسرے حصے میں 60 سال سے زیادہ عمر کے دوڑنے والوں نے حصہ لیا۔ پہلے حصہ میں بچے و بچیوں کو اول، دوئم اور سوئم مقام حاصل کرنے والوں کو انعام سے نوازا جائے گا۔


رَن فار سی جی پرائیڈ کے دوران حصہ لینے والے جوش سے بھرے تھے۔ دوڑ کے لیے مقررہ راستے پر جگہ جگہ سیلفی زون بنائے گئے تھے، جہاں لوگ سیلفی لیتے ہوئے نظر آئے۔ مقرر کردہ راستے کے کنارے بڑی تعداد میں کھڑے لوگ تالیاں بجا کر دوڑنے والوں کا جوش بڑھاتے ہوئے نظر آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔