مرکزی حکومت ریاستوں کو معاشی طور پر کمزور کر رہی ہے: اشوک گہلوت

اشوک گہلوت نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بجٹ میں پٹرول اور ڈیزل پر سیس لگایا ہے اور بیسک ایکسائز ڈیوٹی کو مسلسل کم کیا جا رہا ہے لیکن اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی اور ایڈیشنل ایکسائز ڈیوٹی بڑھائی جا رہی ہے۔

اشوک گہلوت، تصویر یو این آئی
اشوک گہلوت، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جےپور: راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت پر ریاستوں کو معاشی طور پر کمزور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکز سے ریاستوں کو ملنے والا حصہ کافی کم ہو گیا ہے، وہیں اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) میں ریاستوں کو پورا حصہ بھی نہیں مل رہا ہے۔ اشوک گہلوت نے آج سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم کوآپریٹو فیڈرل ازم کی بات کرتے ہیں دوسری جانب ریاستوں کو معاشی طور پر کمزور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے جی ایس ٹی میں ریاست کو پورا حصہ بھی نہیں مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بجٹ میں پٹرول اور ڈیزل پر سیس لگایا ہے اور بیسک ایکسائز ڈیوٹی کو مسلسل کم کیا جا رہا ہے لیکن اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی اور ایڈیشنل ایکسائز ڈیوٹی بڑھائی جا رہی ہے۔ اس کے سبب ڈی وزیبل پول کے طور پر ریاستوں کو ملنے والا حصہ کافی کم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر مرکز تبدیل شدہ پروگراموں میں بھی ریاست کا حصہ بڑھاتے ہوئے مرکز کے حصے کو کم کیا گیا ہے۔ ان تمام کا نا مناسب اثر ریاستوں کے محصولات پر مرتب ہو رہا ہے۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے تمام اپوزیشن پارٹیوں کو جو خط لکھا ہے اور مرکز کی جانب سے ریاستوں کے فنڈ روک دینے کی جو بات کی ہے، اسی بابت میں نے پہلے اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھایا تھا کہ کس طرح مرکزی حکومت ریاستوں کے ساتھ سوتیلا برتاؤ کر رہی ہے۔ قابل ذکرہے کہ اشوک گہلوت آج آسام کے دورے پر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔