یو پی ضمنی انتخابات: مین پوری اور رامپور سے سماجوادی پارٹی، کھتولی سیٹ سے آر ایل ڈی اتارے گی اپنا امیدوار

سماجوادی پارٹی نے کہا کہ وہ مین پوری لوک سبھا اور رامپور اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی، جب کہ آر ایل ڈی کھتولی سیٹ سے الیکشن لڑے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اتر پردیش کی تین نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں راشٹریہ لوک دل کے ساتھ اپنا اتحاد جاری رکھے گی۔ ایس پی نے کہا کہ وہ مین پوری لوک سبھا اور رامپور اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی، جب کہ آر ایل ڈی کھتولی سیٹ سے الیکشن لڑے گی۔

مین پوری سیٹ ملائم سنگھ یادو کے انتقال کے بعد خالی ہوئی ہے، جبکہ اعظم خان کو نفرت انگیز تقریر کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد نااہل اور سیٹ کو خالی قرار دیا گیا ہے۔ وہیں، مظفر نگر فسادات کیس میں عدالت نے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کو قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد کھتولی سیٹ کو بھی خالی قرار دیا گیا ہے۔


دریں اثنا، اپنا دل سے علیحدہ ہونے والے دھڑے اپنا دل (کامیرواڑی) نے کہا ہے کہ وہ سماج وادی پارٹی کے ساتھ اپنا اتحاد جاری رکھے گی۔ اپنا دل (کے) کی صدر کرشنا پٹیل نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ساتھ اتحاد 2024 کے لوک سبھا انتخابات تک جاری رہے گا۔ تاہم، اپنا دل (کے) شہری بلدیاتی انتخابات اپنے طور پر لڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہری بلدیاتی انتخابات اور رکنیت سازی مہم کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے لیے پارٹی رہنماؤں اور عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اپنا دل (ایس) کی قومی صدر اور علیحدہ ہونے والی ان کی بیٹی انوپریہ پٹیل کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خاندان کے کچھ لوگ ان کی پارٹی کو کمزور کرنے اور سازش رچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جبکہ کرشنا پٹیل نے انوپریہ کے بیان کو سیاسی چال قرار دیا۔


اپنا دل (کے) لیڈر پلوی پٹیل نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں نائب وزیر اعلیٰ کیشو موریہ کو شکست دے کر سیراتھو سیٹ جیتی تھی۔ تاہم پلوی نے اس سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے نشان پر الیکشن لڑا تھا۔ اپنا دل (کے) اپنے طور پر کوئی سیٹ نہیں جیت سکی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔