بسوراج بومّئی کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ

بومئی متفقہ طورپرکرناٹک بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب ہو گئے اور وہ آج 10 بجے راج بھون میں وزیراعلیٰ کے عہدے کاحلف لیں گے۔

بشکریہ اے این آئی، ٹویٹر کی تصویر
بشکریہ اے این آئی، ٹویٹر کی تصویر
user

یو این آئی

کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یدیورپا کے استعفیٰ کے ایک روزبعد منگل کو مسٹربسوراج بومئی کوریاست کانیاوزیراعلیٰ مقررکیاگیا۔مسٹربومئی کوکل متفقہ طورپرکرناٹک بھارتیہ جنتاپرٹی (بی جے پی) قانون ساز پارٹی کالیڈرمنتخب کرلیاگیا۔ وہ آج یعنی بدھ کی صبح 10 بجے راج بھون میں وزیراعلیٰ کے عہدے کاحلف لیں گے۔

اکسٹھ سالہ مسٹربومئی کوپارٹی کی میٹنگ میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کالیڈرمنتخب کیا گیا ہے، جس میں کرناٹک یونٹ کے انچارج ارون سنگھ، مرکزی مبصر دھرمیندر پردھان اورجی کشن ریڈی نے حصہ لیا۔ میٹنگ میں سبکدوش وزیراعلیٰ یدیورپا اوربی جے پی کے ریاستی صدر نلن کمار قتیل بھی شامل ہوئے۔


پارٹی ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں صرف مسٹربومئی کے نام کی تجویز رکھی گئی تھی۔ نیالیڈر منتخب کرنےکاعمل کچھ ہی منٹ تک چلا۔مسٹربومئی کومسٹریدیورپا کاقریبی ماناجاتاہے اورانہوں نے داخلہ، کوآپریشن، آبی وسائل اورقانون و پارلیمانی امور سمیت مختلف محکموں کے وزیرکی حیثیت سے کام کیا ہے۔

مسٹربومئی ایک سیاسی خاندان سے آتے ہیں۔ ان کے والد ایس آربومئی سابق مرکزی وزیررہے اور انہوں نے کرناٹک کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے بھی کام کیاتھا۔ کرناٹک کے جو سیاسی حالات ہیں اس کو دیکھتے ہوئے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ بومئی کے لئے آنے والے دن آسان رہیں گے کیونکہ بی جے پی کے پاس بہت معمولی اکثریت ہے اور اس میں کچھ بی جے پی کے ارکان اسمبلی ناراض بھی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔