بی جے پی کا دور اگلے 30 سے ​​40 سال تک رہے گا: امت شاہ

امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں خاندانی راج ختم کرے گی اور آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور اڈیشہ سمیت دیگر ریاستوں میں اقتدار میں آئے گی۔

امت شاہ، تصویر یو این آئی
امت شاہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے حیدرآباد میں پارٹی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ کے دوران کہا کہ اگلے 30 سے ​​40 سال تک بی جے پی کا دور جاری رہے گا اور اس دوران ہندوستان ’وشو گرو‘ بن جائے گا۔ شاہ نے کہا کہ خاندان پرستی، ذات پرستی اور خوشامد اس ملک کی سیاست کے لیے ایک بہت بڑی لعنت ہے، جو ملک کے مصائب کا باعث ہیں۔

امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں خاندانی راج ختم کرے گی اور آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور اڈیشہ سمیت دیگر ریاستوں میں اقتدار میں آئے گی۔ بی جے پی 2014 سے مرکز میں برسراقتدار ہے لیکن ان ریاستوں میں اقتدار سے باہر ہے۔


امت شاہ نے سپریم کورٹ کے حال ہی میں سنائے گئے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیا ہے جس میں آنجہانی رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی اہلیہ ذکیہ جعفری کی عرضی کو خارج کیا گیا ہے۔ عرضی میں گجرات میں 2002 کے فسادات کے سلسلے میں اس وقت کے وزیر اعلی نریندر مودی سمیت 64 لوگوں کو خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی طرف سے دی گئی کلین چٹ کو چیلنج کیا گیا تھا۔ شاہ نے کہا کہ مودی نے فسادات میں اپنے مبینہ کردار پر ایس آئی ٹی تحقیقات کا سامنا کیا اور آئین میں اپنا اعتماد برقرار رکھا۔

امت شاہ نے کہا کہ بھگوان شیو کی طرح مودی نے ان پر پھینکے گئے تمام زہروں کو ہضم کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن غیر مطمئن ہے اور حکومت جو بھی اچھا کرتی ہے اس کی مخالفت کرتی رہتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔