مذہب کا دم بھرنے والی بی جے پی کا اصل مذہب بدعنوانی: راہل گاندھی

اُجین میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم ایسے ہندستان کے حق میں نہیں جہاں امیر لوگ غریبوں کے پیسے لے کر لندن ، امریکہ بھاگ جائیں‘‘۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

یو این آئی

اجین: کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی نے آج بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مذہب کی بات کرنے والی بی جے پی کا اصل مذہب بدعنوانی ہے ۔ مدھیہ پردیش اسمبلی کے لئے 28 نومبر کے انتخابات کی مہم چلاتے ہوئے مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو صرف اپنے منظورنظر چند کارپوریٹ گھرانوں کی موافقت کی پرواہ ہے۔ غریبوں کے مفادات سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی

رافیل جنگی طیاروں کی خریداری میں مبینہ گھپلے اور سابق فوجیوں کے لئے ایک رینک ایک پنشن اسکیم نافذ کرنے کے وعدے سے پھر جانے کا الزام لگاتے ہوئے راہل گاندھی نے نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق فوجیوں نے خود ان سے شکایت کی ہے کہ مودی اپنے وعدے سے پھر گئے اور اس حوالے سے وہ جھوٹ بولنے لگے ہیں ۔

رافیل سودے پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر کانگریس نے کہا کہ ’’ مودی نے فرانسیسی صدر سے کہا تھا کہ اس خریداری کا ٹھیکہ سرکاری ادارے ہندستان ایروناٹک لمیٹیڈ کے ذریعہ نہیں بلکہ انل امبانی کے ذریعہ دیاجائے گا ۔ سی بی آئی کے ڈائرکٹر اس سودے کی چھان بین شروع ہی کرنے والے تھے کہ نریندر مودی نے گھبراکر انہیں آدھی رات کو ہٹا دیا‘‘۔

مرکزاور مدھیہ پردیش کی شیوراج چوہان حکومت پر چند منظور نظر کارپوریٹ گھرانوں کو نوازنے کے لئے غریبوں کے مفادات سے نظرانداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اجین میں ایک غریب عورت اپنی بجلی کا بل ادا کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو اسے حکومت گرفتار کرکے اس لئے جیل میں ڈال دیتی ہے کہ بل کی رقم بڑھ کر ایک لاکھ روپے ہوگئی تھی۔لیکن وجے مالیہ جیسا کوئی شخص جب نوہزار کروڑ روپیوں کے ساتھ فرار ہوجاتا ہے تو اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی

انہوں نے الزام لگایا کہ نیرو مودی اور میہول چوکسی جتنے ہزار کروڑ روپے لیکر ملک سے فرار ہوئے ہیں اتنی رقم تو کانگریس مہاتما گاندھی نیشنل دیہی روزگار ضمانت ایکٹ میں ایک برس میں لگاتی ہے۔

کانگریس کے سربراہ نے کہا کہ ’’ہم ایک ایسے ہندستان کے حق میں نہیں جہاں امیر لوگ غریبوں کے پیسے لیکر لندن ، امریکہ بھاگ جائیں ‘‘۔ شیوراج چوہان حکومت پر تعلیمی نظام اور صنعتی نظم کو ریاست بھر میں تباہ کرکے رکھ دینے کا الزام لگاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ویاپم گھپلے میں پچاس لوگوں کی جانیں گئیں اور تعلیمی نظام تباہ ہوکر رہ گیا۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی برباد ہوگئی ہے جو کبھی چین اور بنگلہ دیش کی صنعتوں کا مقابلہ کرنے کی متحمل ہوا کرتی تھی۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ کانگریس برسراقتدار آئی تو وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں نئی جان ڈالے گی ۔ اسی کے ساتھ انہوں نے پچھلے پندرہ برسوں کے دوران چوہان حکومت کی مبینہ بدعنوانیوں کے خلاف کانگریس کے لیڈروں کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کے ورکر شیوراج سنگھ انتظامیہ کی بدعنوانیوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے ہیں جو انتظامی سطح پر بہتر تبدیلی لانا چاہتے ہیں ۔ خواہ کوئی وزیر ہو ، ایم ایل اے ہو یا وزیراعلی ہوں سب کے دروازے عام کانگریسی ورکروں کے لئے کھلے رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔