بی جے پی ہندوستان کا سب کچھ ’چند ہاتھوں‘ میں دینے کی خواہشمند: اکھلیش

اکھلیش یادو نے سوال کیا کہ جو لوگ بلڈوزر لے کر گھوم رہے ہیں وہ بتائیں کہ بلڈوزر کہاں چلنا چاہیے، جن کے گھر کے نقشے پاس نہیں ہیں ان کے گھروں پر یا 50 سالہ خاتون کی عصمت دری کے ملزمین کے گھروں پر؟

اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جونپور: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ و سابق وزیرا علی اکھلیش یادو نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت چند ہاتھوں میں ملک کا سب کچھ دینے کی خواہاں ہے لیکن سماج وادی پارٹی ہر حال میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ایس پی سربراہ سابق ایم ایل اے و کابینی وزیر پارس ناتھ یادو کی جینتی پر منعقد ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران سوال کیا کہ 'جو لوگ بلڈوزر لے کر گھوم رہے ہیں وہ پہلے یہ بتائیں کہ بلڈوزر کہاں چلنا چاہیے۔ جن کے گھر کے نقشے پاس نہیں ہیں ان کے گھروں پر یا 50 سالہ خاتون کے ساتھ عصمت دری کرنے والے ملزمین کے گھروں پر؟


سابق وزیر اعلی نے تین زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ رہی ہے کہ قانون خراب ہے اور حکومت اسے ٹال رہی ہے اور اس میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے۔ انہوں نے انتباہی انداز میں کہا کہ اگر حکومت یہ قوانین واپس نہیں لیتی ہے تو آنے والے دنوں میں اس حکومت کا کوئی پتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جمہوریت کی بقا کی جدوجہد کا یہ آخری الیکشن ہے اس میں سماج وادی پارٹی کو ضرور کامیاب بنائیں، بصورت دیگر جمہوریت کا تصور ذہن سے نکال دیں۔

انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے جب کسانوں کی حمایت کا اعلان کیا تو حکومت نے کہا کہ یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے یہ کسانوں کا مسئلہ ہے۔ لیکن اگر سماج وادی کسانوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے تو پھر کون کھڑا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سماج وادی پارٹی ہر حال میں کسانوں کا ساتھ دے گی۔


کورونا ویکیسن کے ضمن میں ایک بار پھر بی جے پی کی تنقید کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ کووڈ ویکسین کے سلسلے میں ہمیں ملک کے سائنسدانوں اور ڈاکٹروں پر پورا بھروسہ ہے لیکن بی جے پی حکومت پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے۔ حکومت پہلے اس بات کا یقین دلائے کہ گاؤں میں اورغریبوں کو ویکسین کب تک ملے گی اور اس کی نوعیت کیا ہوگی کیا یا مفت ہوگی یا نہیں؟

اس سے قبل ایس پی سربراہ نے مرحوم پارس ناتھ یادو کی مورتی پر گلپوشی کرتے ہوئے کہا کہ پارس ناتھ یادو نے مخالف حالات میں بھی حوصلہ نہیں کھویا اور نہ ہی گھبرائے۔ وہ ہمتی اور نڈر لیڈر تھے۔ اس دوران انہوں نے ان کی موت سے خالی ہوئی ملہنی سیٹ پر ضمنی انتخاب میں دوبارہ جیت ملنے پر رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔