بی جے پی ملک میں آر ایس ایس کا قانون نافذ کرنا چاہتی ہے: عمران پرتاپ گڑھی

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ملک میں کمپیوٹر، آئی ٹی، معلومات کا حق، منریگا جیسی ہزاروں اسکیمیں اور ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔

عمران پرتاپ گڑھی / ویڈیو گریب
عمران پرتاپ گڑھی / ویڈیو گریب
user

پریس ریلیز

لکھنؤ: آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے قومی صدر اور اسٹار پرچارک عمران پرتاپ گڑھی کانگریس امیدوار اجے سریواستو ’اجو‘ کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے آج لکھنؤ پہنچے۔ کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے لکھنؤ کے کھدرا علاقے میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’لکھنؤ میرے گھر جیسا ہے۔ لکھنؤ کے لوگ مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں۔ مجھے وہ دن یاد ہے جب میں CAA-NRC تحریک کے دوران لکھنؤ آیا تھا اور ہماری ماں بہنیں روتی تھیں۔ سخت سردی میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے سامنے اپنے حقوق کے لیے بے بس ہو کر بیٹھیں تھیں اور یہ بی جے پی کی آمرانہ حکومت لاٹھی چارج، ٹرائل اور پیسے کی وصولی کے نوٹس جیسے ہتھیار استعمال کر رہی تھی۔ لیکن اس کا غرور ٹوٹ گیا اور سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ سبھی کے پیسے واپس کرنے کے ساتھ ساتھ تمام نوٹس بھی واپس لیے جائیں۔‘‘

عمران پرتاپ گڑھی نے اپنے خطاب میں بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت اس ملک سے جمہوریت کو ختم کرنا چاہتی ہے اور بابا صاحب کے آئین کو ہٹا کر آر ایس ایس کے قانون کو نافذ کرنا چاہتی ہے، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا۔‘‘ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ’’آج ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ کانگریس نے 70 سالوں میں ملک میں کچھ نہیں کیا۔ لیکن یہ کہتے ہوئے وہ بھول جاتے ہیں کہ وہ ریلوے اسٹیشن، جس پر نریندر مودی جھوٹی چائے بیچتے تھے، کانگریس نے ہی بنایا تھا۔‘‘


عمران پرتاپ گڑھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ملک میں کمپیوٹر، آئی ٹی، معلومات کا حق، منریگا جیسی ہزاروں اسکیمیں اور ترقیاتی کام ہوئے ہیں، اور آج کرناٹک میں حجاب کی جنگ یہ ظاہر کر رہی ہے کہ بی جے پی فرقہ پرستی کو بڑھاوا دے رہی ہے۔ لیکن پوری دنیا نے دیکھا کہ آج شیرنی سینکڑوں لنگوروں پر سبقت لے گئی۔ آج بی جے پی کی حکومت صرف لوٹ مار، آمریت، فرقہ پرستی، بدعنوانی کو فروغ دے رہی ہے اور مجرموں کو بچانے کا کام کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ وہ مفت راشن دینے کی بات کر رہے ہیں، لیکن جو جانور کسانوں کی فصلوں کو تباہ کر رہے ہیں ان کو روکنے کا کام نہیں کرتے۔ بلکہ وہ لوگوں کو بالواسطہ دھمکیاں دیتے ہیں۔ کبھی گرمی دور کرنے کے لیے اور کبھی چربی اتارنے کے لیے۔


عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ آج ملک کا عام آدمی مہنگائی اور نوجوان بے روزگاری سے نبرد آزما ہے۔ ایک ہی پارٹی کانگریس ہے جو کسانوں اور بیٹیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر آواز اٹھا رہی ہے، ان کی جنگ لڑ رہی ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے عوام سے کہا کہ اگر وہ ملک میں امن اور بھائی چارہ چاہتے ہیں تو کانگریس امیدوار اجے شریواستو کو ووٹ دیں۔ اس موقع پر دہلی اقلیتی محکمہ کے انچارج شہنواز شیخ، کانگریس امیدوار اجے شریواستو ’اجو‘ تمام لیڈران اور ضلعی صدر شمیم ​​پرتاپ گڑھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔