راہل گاندھی پر مہنگا ٹی شرٹ پہننے کا الزام لگا کر بری پھنسی بی جے پی، لوگ یاد دلانے لگے پی ایم مودی کا سوٹ-چشمہ

بگھیل نے کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا جواب مرکز میں برسراقتدار پارٹی کے پاس ایک ٹی شرٹ ہے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں جب ایک پارٹی ملک کو متحد کر رہی ہے تو بی جے پی ٹی شرٹ اور خاکی نکر میں لٹکی ہے۔

راہل گاندھی اور نریندر مودی
راہل گاندھی اور نریندر مودی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے شروع ہوتے ہی اس کے خلاف بی جے پی کی مہم بھی شروع ہو گئی ہے۔ اس ضمن میں بی جے پی راہل گاندھی پر 41 ہزار روپے کی ٹی شرٹ پہننے کا الزام لگا کر خود بری طرح پھنس گئی ہے۔ کانگریس نے اسے گھبراہٹ بتاتے ہوئے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی کی جگہ کپڑوں پر بحث کرنی ہے تو بات پی ایم مودی کے 10 لاکھ روپے کے سوٹ اور 1.5 لاکھ روپے کے چشمے تک جائے گی۔

دراصل کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے خلاف روزانہ الزام لگا رہی بی جے پی نے آج تیسرے دن الزام عائد کیا کہ راہل گاندھی نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران جو ٹی شرٹ پہن رکھی ہے، بربیری کمپنی کی ہے اور اس کی قیمت 41257 روپے ہے۔ بی جے پی کے ٹوئٹر ہینڈل سے راہل گاندھی کی ایک تصویر کے ساتھ ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ ٹی شرٹ بربیری کمپنی کی ہے اور اس کی قیمت 41257 روپے ہے۔ تصویر کے ساتھ بی جے پی نے لکھا ہے ’بھارت، دیکھو!‘


لیکن بی جے پی یہ پوسٹ کر کے خود پھنس گئی ہے۔ دراصل کانگریس نے اس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی پر بھارت جوڑو یاترا میں جمع ہو رہے عوامی سیلاب سے گھبرانے کا دعویٰ کیا۔ کانگریس نے بی جے پی کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں لکھا ’’ارے، گھبرا گئے کیا؟ بھارت جوڑو یاترا میں امنڈے عوامی سیلاب کو دیکھ کر۔ ایشو کی بات کرو... بے روزگاری اور مہنگائی پر بولو۔ باقی کپڑوں پر بحث کرنی ہے تو مودی جی کے 10 لاکھ کے سوٹ اور 1.5 لاکھ کے چشمے تک بات جائے گی۔ بتاؤ کرنی ہے؟‘‘

دوسری طرف کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے بھی اس ایشو پر کہا کہ آپ کو یاد ہے کہ مودی جی کا سوٹ جس پر ’نمو-نمو‘ لکھا تھا، ہمارے وزیر اعظم کے چشمے دیکھے ہیں؟ اصلی بات یہ ہے کہ بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی میں گھبراہٹ ہے اور ہم بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ سے جمہوریت کی شہنائی بجا رہے ہیں۔ جئے رام رمیش نے مزید کہا کہ بی جے پی کو صرف ایک نظام کا توپ چلانا آتا ہے۔ اس توپ کا برانڈ ہے نریندر مودی۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ٹھہرنے کے کنٹینر، ٹی شرٹ، جوتے کو لے کر ایشو بنا رہے ہیں۔ کل پرسوں ہمارے انڈرویر کو بھی یہ لوگ بحث میں لائیں گے۔


چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اس ایشو پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’ایسے تو ترس آتا ہے... کنیاکماری-کشمیر، اب تک کی سب سے بڑی بھارت جوڑو یاترا کا جواب، مرکز کی برسراقتدار پارٹی کے پاس ایک ’ٹی شرٹ‘ ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں جب ایک پارٹی ملک کو متحد کر رہی ہے تو تقسیم کرنے والی پارٹی اب بھی ٹی شرٹ اور خاکی نکر میں لٹکا ہے۔ ڈر اچھا لگا...۔‘‘

ہریانہ ریاستی مہیلا کانگریس نے بھی بی جے پی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی جب جب ڈرتی ہے، پرسنل اٹیک کرتی ہے۔ ہماری اعلیٰ قیادت اور محبوب لیڈر راہل گاندھی جی کے ذریعہ بھارت جوڑو یاترا کے کامیاب آغاز کے لیے سبھی ہندوستانی باشندوں کو بہت بہت مبارکباد۔


واضح رہے کہ بی جے پی نے ٹی شرٹ پہنے ہوئے راہل گاندھی کی جس تصویر کا استعمال کیا ہے، اسے خود کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کیا گیا تھا۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے کانگریس کی طرف سے لکھا تھا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی ’ولیج کوکنگ چینل‘ کی ٹیم سے ملے۔ قابل ذکر ہے کہ ولیج کوکنگ چینل ایک بہت مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے، جس کے یوٹیوب پر تقریباً 18 ملین سبسکرائبرس ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔