بی جے پی نے غربیوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالا: اکھلیش

اکھلیش نے کہا کہ جس دن ہم نے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کا اعلان کیا اسی دن گھبرا کر بی جے پی نے بجلی کا بل نصف کر دیا۔ اس کا مطلب بی جے پی جان بوجھ کر غریبوں کی جیب پر ڈاکہ زنی کر رہی تھی۔

اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: کسانوں کے بجلی بل میں چھوٹ دینے کے یوگی حکومت کے اعلان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ ریاست کی یوگی حکومت جان بوجھ کر غریبوں کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہی تھی۔ پارٹی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے گزشتہ روز کہا کہ جس دن سماج وادی پارٹی نے 300 یونٹ گھریلو بجلی مفت دینے کا اعلان کیا ہے اسی دن گھبرا کر بی جے پی نے بجلی کا بل نصف کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس کا مطلب ہے کہ بی جے پی جان بوجھ کر غریبوں کی جیب پر ڈاکہ زنی کر رہی تھی۔ غریبوں کو سستی بجلی دی جاسکتی تھی لیکن بی جے پی کی نیت صاف نہیں تھی۔ پانچ سالوں تک اس نے مہنگی بجلی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور کے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔ بی جے پی کی وداعی یقینی ہے۔ اور ایس پی کو اقتدار سونپنے کا فیصلہ ووٹروں نے کرلیا ہے۔ بی جے پی کے ذریعہ جمہوریت پر حملہ عوام برداشت نہیں کریں گے۔ 10مارچ 2022 کو جمہورت کے حق میں نتائج آئیں گے۔


سابق وزیر اعلی نے کہا کہ یہ انتخاب کسانوں، نوجوانوں، خواتین کے احترام کا الیکشن ہے۔ ریاست کے عوام تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ انتخاب میں بی جے پی کا صفایا یقینی ہے۔ بی جے پی حکومت نے اترپردیش کو مسائل میں الجھا دیا ہے۔ بی جے پی اقتدار میں کسانوں کو کچلا گیا، نوجوانوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔عوام بی جے پی کے خلاف کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این سی آر بی کا ڈاٹا کہتا ہے کہ بی جے پی حکومت میں سب سے زیادہ فسادات ہوئے۔ فیک انکاونٹر ہوئے، بیٹیاں سب سے زیادہ غیر محفوظ رہیں۔ حراست میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔ حقوق انسانی کمیشن نے یوپی حکومت کو سب سے زیادہ نوٹس دیا۔ وزیر اعلی پر بھی فسادات کے الزامات ہیں۔ یہ ملک کے پہلے وزیر اعلی ہیں جن کے اوپر اتنے زیادہ سنگین دفعات میں مقدمات درج ہیں۔


اکھلیش نے کہا کہ ایس پی کے کارکنان گھر گھر جائیں گے اور اس کی سابقہ میعاد کار میں مفاد عامہ میں کئے گئے کاموں اور حصولیابیوں کو ان کو بتائیں گے۔ عوام بی جے پی کے جھوٹ اور سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سماج وادی اور امبیڈکر وادی مل کر بی جے پی کو ہٹانے کے لئے کمربستہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔