بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے دی محکمہ جنگلات کے افسران کو دھمکی

تلنگانہ میں عادل آباد بی جے پی ایم پی سویم باپو نے محکمہ جنگلات کے افسران کو کھلی دھمکی دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر محکمہ جنگلات کے لوگ درخت لگانے آئیں تو انھیں روکیے، اور ضرورت پڑے تو پٹائی کیجیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سویم باپو نے لوگوں سے کہا کہ اگر محکمہ جنگلات کے افسران پودے لگانے آتے ہیں تو انھیں روک دو۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو ان کی پٹائی کر دو اور ان کی جانب سے لگائے گئے پودے اکھاڑو، جو بھی ہوگا میں دیکھ لوں گا۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ سویم باپو کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب کچھ دنوں پہلے ہی تلنگانہ میں ایک خاتون فوریسٹ رینج افسر انیتا پر بھیڑ نے لاٹھیوں سے حملہ کر دیا تھا۔ یہ واقعہ کومرم بھیم آصف آباد ضلع میں پیش آیا تھا اور اس کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا تھا۔


محکمہ جنگلات اور پولس کی ٹیم آصف آباد ضلع کے سرپور کاغذ نگر بلاک میں شجرکاری کے لیے پہنچی تھی۔ محکمہ جنگلات کے اہلکار ریاستی حکومت کے درخت لگانے کی مہم ’ہرت ہرم‘ کی تیاریوں کے لیے پہنچے تھے۔ اس دوران ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے کونپا کے بھائی اور ضلع کونسل کے وائس چیئرمین کے. کرشنا نے اپنے حامیوں کے ساتھ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو ان کا کام کرنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔

ایف آر او انیتا نے مخالفت کرنے والوں کو سمجھانے کی کوشش کی تھی، تبھی کارکنان مشتعل ہو گئے اور ٹیم پر حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں افسر انیتا زخمی ہو گئی تھیں اور اس درمیان دوسرے افسران اور پولس نے کسی طرح انیتا کو حملہ آور سے بچایا تھا اور پھر انھیں اسپتال میں داخل کرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔