پنجاب میں زرعی قوانین کی مخالفت کر رہے مظاہرین اور بی جے پی رکن اسمبلی میں دھکّا-مکّی، رکن اسمبلی کے کپڑے تار تار

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا غصہ اب عوامی طور پر بی جے پی لیڈروں پر نکلنے لگا ہے۔ تازہ واقعہ پنجاب کے مکتسر علاقہ کا ہے جہاں ایک بی جے پی رکن اسمبلی کی مظاہرین کے ساتھ دھکّا-مکّی ہو گئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے تین نئے زرعی قوانین کو لے کر کسانوں کی ناراضگی اب بی جے پی لیڈروں کو جھیلنی پڑ رہی ہے۔ ایک واقعہ میں پنجاب واقع ملوت شہر کے ابوہر سے بی جے پی رکن اسمبلی ارون نارنگ کو اس غصے کا شکار ہونا پڑا۔ مظاہرین کے ساتھ ہوئی دھکّا-مکّی میں رکن اسمبلی کے کپڑے بری طرح پھٹ گئے۔

نارنگ کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ رکن اسمبلی پر حملہ کیا گیا اور ان کی گاڑی پر کالی سیاہی بھی پھینکی گئی۔ ہوا یوں کہ بی جے پی رکن اسمبلی میڈیا سے بات کرنے کے لیے مکتسر ضلع واقع ملوٹ علاقے میں بی جے پی ہیڈکوارٹر پہنچے تو وہاں زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں نے انھیں روک لیا۔ مظاہرین نے رکن اسمبلی ارون نارنگ سے کہا کہ وہ زرعی قوانین کے خلاف ہیں۔ مظاہرین نے رکن اسمبلی کو راستے میں ہی روک لیا اور وہ آگے نہیں بڑھ سکے۔ اسی افرا تفری میں کچھ لوگوں کے ساتھ ان کی دھکّا-مکّی ہوئی جس میں ان کے کپڑے پھٹ گئے۔ اس کے بعد رکن اسمبلی وہاں سے فوراً ہی واپس ہو گئے۔ اس دوران کچھ لوگوں نے رکن اسمبلی کی گاڑی پر سیاہ رنگ بھی لگا دیا۔ رکن اسمبلی کے ساتھ ہوئے اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ کسان مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ چار مہینے سے دہلی بارڈرس پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں بھی مرکزی اور بی جے پی حکومت کے خلاف یہ مظاہرے جاری ہیں۔ اس درمیان کئی بار بی جے پی لیڈروں کو کسانوں کی ناراضگی کا شکار ہونا پڑا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔